| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھاگنے والا روبوٹ
جاپانی کمپنی سونی نے بھاگنے والا روبوٹ تیار کیا ہے جو چودہ میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ایجاد روبوٹس کی دنیا میں ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ اب سے پہلے تک کوئی سائنسدان بھاگنے والا روبوٹ تیار نہیں کرسکا تھا کیونکہ مشینی انسان کو بھگانا بہت مشکل کام ہے۔ بھاگنے کے لئے دونوں پیر بیک وقت زمین سے اوپر اٹھ جاتے ہیں۔ کاریو نامی روبوٹس کی سیریز کا یہ نیا بھاگنے والا روبوٹ ماہرین کی تین سالہ محنت کا نتیجہ ہے تاہم سونی ادارہ ابھی اس مشین کو بازار میں فروخت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ اس سیریز کے پہلے روبوٹس ایس ڈی آر کے نام سے جانے جاتے تھے اور وہ چلنے، چڑھائی چڑھنے، فٹ بال کھیلنے اور ناچنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ اب یہ جدید کاریو روبوٹ مختلف کاروباری تقاریب میں نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے۔ یہ اٹھاون سینٹی میٹر اونچا ہے اور کم فاصلے پر بھاگ سکتا ہے۔ اگر اسی روبوٹ کا سائز بڑھا کر انسانی جسم کے برابر کردیا جائے تو یہ دو اعشاریہ چار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگ سکے گا۔ یہ روبوٹ پہلے آہستہ چلنا شروع کرتا ہے، پھر تیز ہوتے ہوئے بھاگنا شروع کردیتا ہے۔ اور بھاگنے کے اصول کے مطابق اس کی دونوں ٹانگیں زمین سے اٹھ جاتی ہیں۔ اس روبوٹ میں کیمرے بھی نصب ہیں اور یہ بھاگنے کے دوران دس چہروں کو شناخت کرسکتا ہے۔ سونی کی یہ ایجاد اسے ہونڈا کمپنی سے ایک قدم آگے لے گئی ہے جس نے اسیمو نامی روبوٹ تیار کیا تھا جو اب سے پہلے تک جدید ترین روبوٹ تھا لیکن وہ صرف چلنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||