| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مائیکرو سافٹ پروگرام کی چوری
ملائشیا میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے نئے پروگرام ’لانگ ہارن‘ کی نقلی کاپیاں بازار میں فروخت ہو رہی ہیں جو کمپنی دو ہزار پانچ میں فروخت کے لیے دستیاب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ پروگرام جس نے ونڈوز ایکس پی کی جگہ لینی تھی اور مائیکرو سافٹ نے جس کی فروخت شروع ہی نہیں کی تھی ملائشیا کے جنوبی شہر جوہور بارو میں دو ڈالر فی سی ڈی کےحساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ نئے پروگرام کی نقلی کاپیوں کی فروخت مائیکرو سافٹ کمپنی کے لیے ایک بڑی شرمندگی کا باعث ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ گزشتہ دو دہائیوں میں مائیکروسافٹ کی طرف سے کمپوٹر چلانے کے لیے بنانے جانے والے پروگراموں میں یہ سب سے بڑا پروگرام ہو گا۔ لانگ ہارن نے موجودہ ونڈو پروگرام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں اور اس کے فائلنگ کے نظام، اس میں موجود تصویروں یا گرافکس کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور پروگرام میں خرابی پیدا ہونے کے امکانات کو بھی کم کیا گیا ہے۔ مائیکروسافٹ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ لانگ ہارن کی کاپیاں اکتوبر میں لاس انجلس میں ہونے والی کمپیوٹر کے ماہرین کی ایک کانفرنس میں آٹھ ہزار شرکاء میں تقسیم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان آٹھ ہزار افراد میں سے ہی کسی نے یہ نقلی سی ڈی بنانے والوں کو مہیا کی ہو گی۔ مائیکرو سافٹ کے مطابق یہ پروگرام ابھی تشکیل کے ابتدائی مرحلے میں تھا جسے کے لیے پری ایلفا کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ اس پروگرام کو کمپیوٹر میں چڑھانا ابھی خطرناک ہے کیونکہ پروگرام کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی۔ مائیکرو سافٹ کے ہر پروگرام کی نقلی سی ڈی بازار میں دستیاب ہیں۔ سن دو ہزار ایک میں ونڈوز ایکس پی کی کاپیاں چین میں اس وقت فروخت ہو رہی تھیں جب کمپنی نے انھیں ابھی بیچنا شروع ہی نہیں کیا تھا۔ کمپنی کی طرف سے اس رجحان کو روکنے کے لیے کئی ایک اقدامات کئے ہیں اور پروگرام میں کوڈز بھی لگائے ہیں لیکن کوئی چیز کار گر ثابت نہیں ہوئی۔ ملائشیا نقالوں کا ایک بڑا مرکز ہے اور یہاں ہر قسم کی سی ڈیز کی نقول بازار میں دستیاب ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||