| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
نابیناؤں کے لئے پہلا فون
برطانیہ میں اندھے اور جزوی طور پر دیکھنے والوں کے لئے پہلا موبائل فون نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔ یہ موبائل فون سپین کی ایک کمپنی اوایسس نے بنایا ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ ان کا 22 سی فون تین ماہ کے اندر برطانیہ کی مارکیٹ میں آ جائے گا۔ سپین میں یہ فون اگلے ہفتے مارکیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں یہ فون برمنگھم کے رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ ٹیکشیئر کی نمائش میں رکھا گیا ہے۔ اس فون میں سکرین پر کچھ بھی نظر نہیں آتا اور سب کچھ آواز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے ٹیکسٹ میسیجز بھی بھیجے اور وصول کئے جا سکتے ہیں جو بھیجنے والے کا نام یا نمبر بتاتے ہیں۔ اوایسس کے مطابق اس فون کی قیمت دو سو پچاس پاؤنڈ رکھی جائے گی۔ اس کمپنی کو ان افراد نے بنایا ہے جو پہلے فون کی ایک مشہور کمپنی ایرکسن میں کام کرتے تھے۔ انہوں نے اس فون کی تیاری کے دوران اندھوں اور جزوی طور پر دیکھنے والوں سے رابطہ رکھا اور ان سے مشورے لیتے رہے۔ کمپنی کے مطابق تیار ہونے والا فون کسٹمر کی ضرورت کا مکمل عکاس ہے۔ کمپنی کے مارکیٹنگ اور سیلز کے ڈائریکٹر فرننڈو ایکوائر نے بی بی سی کو بتایا کہ کمپنی برطانیہ اور سپین میں بیس ہزار ٹیلی فون بیچنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ کے ٹیکنالوجی سپیشلسٹ سٹیو ٹیلر کے مطابق اس فون کو اندھوں کے علاوہ عام لوگ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر اس شخص کو پسند آئے گا جو کال کرنا اور وصول کرنا تو چاہتا ہے لیکن ہدایات کے لئے فون کی سکرین دیکھنا نہیں چاہتا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||