سوزوکی گاڑیوں میں ایندھن کے اخراج کی پیمائش میں خرابی

،تصویر کا ذریعہGetty

گاڑیاں بنانے والی جاپانی کمپنی سوزوکی نے کہا ہے کہ اس نے اپنی گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج کی پیمائش کے نظام میں کچھ خرابیوں کی نشاندہی کی ہے لیکن اس نے اس بارے میں کسی قسم کی گڑ بڑ کرنے سے انکار کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دھوئیں کے اخراج کا ٹیسٹ کرنے کا جو طریقہ 16 مختلف ماڈلوں کی گاڑیوں میں استعمال کیا گیا وہ سرکاری ضوابط کے مطابق نہیں تھا۔

لیکن کمپنی نے یہ اصرار بھی کیا کہ نئے ٹیسٹ کے جو نتائج سامنے آئے ہیں اس کے بعد ڈیٹا میں کوئی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے۔

سوزوکی کے حکام نے مزید کہا کہ ’فیول ایفیشنسی‘ یا ایندھن کے موثر استعمال کے بارے میں اعداد و شمار میں کسی قسم کی کوئی بےقاعدگی یا بے ایمانی نہیں پکڑی گئی۔

گذشتہ ماہ گاڑیاں بنانے والی ایک اور کمپنی مٹسوبشی نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے اپنی گاڑیوں کی فیول ایفیشنسی ڈیٹا میں رد و بدل کی تھی۔

مٹسوبشی کے مطابق فیول ایفشنسی ڈیٹا میں گڑ بڑ سامنے آنے کے بعد اس کے صدر ٹیٹسورو اوکاوا اپنے عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

جاپان کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے گاڑیاں بنانے والی تمام کمپنیوں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج کی پیمائش کے نظام کو حکومتی طریقہ کےمطابق بنائیں۔

سوزوکی کی طرف سے یہ اعلان سامنے آنے کے بعد کہ وہ دھوئیں کے اخراج کی پیمائش کے اپنے نظام کے نقائص سامنے لائے گی، حصص بازار میں اس کے شیئرز کی قیمت میں نو فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

سوزوکی جاپان میں گاڑیاں بنانے والی چوتھی بڑی کمپنی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ خرابی سنہ 2010 سے ہو رہی ہے اور اس سے 21 لاکھ گاڑیوں متاثر ہوئی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس میں سے کوئی گاڑی بھی جاپان سے باہر فروخت نہیں کی گئی۔

گاڑیاں بنانے والی جرمن کمپنی ووکس ویگن نے کچھ عرصہ قبل امریکہ میں فروخت ہونے والی اپنے گاڑیوں کے دھوئیں کے اخراج کے ٹیسٹ میں بے قاعدگیاں کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

حکام یہ معلوم کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے کہ جرمن کمپنی نے اپنی گاڑیوں میں ایک ایسا سافٹ ویئر نصب کیا تھا جو ٹیسٹ کے وقت گاڑیوں سے کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کے اخراج کو کم کر دیتا تھا اور اس کے ٹیسٹ کے نتائج بہتر کر کے پیش کرتا ہے۔

مٹسوبشی نے بھی اعتراف کیا کہ وہ دھوئیں کے اخراج کے ڈیٹا میں گذشتہ 25 برس سے گڑ بڑ کر رہی ہے۔

گاڑیاں بنانے والی ایک اور کمپنی نسان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ برطانیہ میں فروخت ہونے والی اس کی گاڑی ’کاشکائی‘ میں بھی دھوئیں کے اخراج کو کم کر کے دکھانے والا سافٹ ویئر نصب ہے۔ نسان ان الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔