آئی فون ہیک کروانےکےلیے13 لاکھ ڈالر ادا کیے:ایف بی آئی

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کہا ہے کہ ان کے ادارے نے سان برنارڈینو کے حملہ آور کا آئی فون ان لاک کرنے کے لیے جتنی رقم ادا کی وہ ان کی بقیہ مدت ملازمت کے سات سال اور چار ماہ کی آمدن سے زیادہ ہے۔
ایف بی آئی اور امریکی دفتر برائے مینجمنٹ اور بجٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جیمز کومی کی جنوری 2015 سے سالانہ تنخواہ 183,300 امریکی ڈالر ہے۔
تنخوا میں اضافے یا کسی بونس کے بغیر جیمز کومی اس عہدے پر رہتے ہوئے اپنی بقیہ مدت ملازمت کے دوران 13 لاکھ 40 ہزار ڈالر حاصل کریں گے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایف بی آئی نے کسی بھی ہیکنگ تکنیک کے لیے سب سے زیادہ رقم ادا کی ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ رقم دس لاکھ ڈالر پر مشتمل تھی جو امریکی کی انفارمیشن سکیورٹی کمپنی زیروڈیم نے فون کھولنے کے لیے ادا کی تھی۔
لندن میں ایسپن سکیورٹی فورم سے خطاب کے دوران جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ ایف بی آئی نے آئی فون کھولنے کے لیے کتنی رقم ادا کی تو جیمز کومی کا کہنا تھا کہ ’اپنی بقیہ ملازمت کے دوران حاصل ہونے والی آمدن سے کہیں زیادہ۔‘
جیمز کومی کا کہنا تھا کہ ’لیکن میرے خیال میں، یہ رقم اس کام کے لیے زیادہ نہیں تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
خیال رہے کہ امریکی شعبہ انصاف نے مارچ میں کہا تھا کہ اس نے سان برنارڈینو کے حملہ آور کا آئی فون ایک تیسرے فریق کی مدد سے ان لاک کر لیا ہے اور آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے خلاف عدالتی مقدمہ خارج کردیا تھا۔
جیمز کومی کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی سان برنارڈینو کے آئی فون پر استعمال کیا گیا سافٹ ویئر آئی او ایس 9 استعمال کرنے والے دیگر 5C آئی فونز پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ ریاست کیلی فورنیا میں سان برنارڈینو میں ہونے والے حملے رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ نے 14 افراد کو ہلاک کیا تھا اور ایف بی آئی نے دو دسمبر کو فاروق رضوان کا آئی فون اپنی تحویل میں لیا تھا۔







