گوگل پلے سٹور سے طالبان کی ایپ ہٹا دی گئی

گوگل نے طالبان کی مخصوص ایپلیکیشن کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنگوگل نے طالبان کی مخصوص ایپلیکیشن کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے

شدت پسند گروہ طالبان کی جانب سے اینڈرائیڈ موبائل فون کے لیے تیار کردہ ایپلیکیشن ’العماراہ‘ کو گوگل پلے سٹور سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یہ ایپلیکیشن پشتو زبان میں تیار کی گئی تھی، جس میں افغان گروہ کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ بیانات اور ویڈیوز شامل تھیں۔

یکم اپریل کو لانچ کے چندگھنٹوں بعد ہی اس ایپ کے غائب ہونے کو شدت پسند گروہ نے ’تکنیکی مسائل‘ قرار دیا تھا۔

تاہم بی بی سی کو لگتا ہے کہ اِس کو گوگل ایپ کی پالیسی کی خلاف ورزی کے باعث ہٹایا گیا ہے، جو نفرت انگیز تقاریر یا مواد سے روکتا ہے۔

جہادی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی امریکی تنظیم ’سائٹ اینٹل گروپ‘ نے اِس ایپ کو تلاش کیا اور اِس کی خبر دی تھی۔

گوگل نے اِس مخصوص ایپلیکیشن کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

اپنے بیان میں گوگل کا کہنا تھا کہ ’ہماری پالیسیاں صارفین اور ڈویلپرز کو بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ اسی لیے ہم گوگل پلے سٹور سے وہ ایپلیکیشن ہٹا دیتے ہیں جو ہماری پالیسی سے متصادم ہوں۔‘

خبر رساں ادارے بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ ایپلیکیشن ’ہمارے اعلی درجے کی تکنیکی کوششوں کا حصہ تھی، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچنا تھا۔‘