مائیکروسوفٹ اور گُوگل ’جنگ بندی‘ پر متفق

ان پانچ برسوں میں دونوں نے ایک دوسرے پر کئی مقدمات بنا رکھے تھے
،تصویر کا کیپشنان پانچ برسوں میں دونوں نے ایک دوسرے پر کئی مقدمات بنا رکھے تھے

ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو بڑی کپمنیاں مائیکروسافٹ اور گُوگل اپنی مصنوعات کے جملہ حقوق پرگذشتہ پانچ سال سے جاری لڑائی ختم کرنے پر متفق ہو گئی ہیں۔

ان پانچ برسوں میں دونوں نے ایک دوسرے پر کئی مقدمات بنا رکھے تھے جن میں سے قانونی چارہ جوئی کے 18 معاملات ایسے ہیں جو اب بھی تصفیہ طلب ہیں۔ جملہ حقوق کے ان اٹھارہ معاملات یا مقدمات کا تعلق موبائل فونوں میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی، وائی فائی اور کئی دیگر معاملات سے ہے۔

اگرچہ دونوں کمپنیوں کے درمیان طے پائے جانے والے تصفیے کی تفصیلات کو عام نہیں کیا گیا ہے، تاہم ایک مشترکہ بیان میں دونوں کا کہنا تھا کہ وہ ’جملہ حقوق کے کچھ معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون‘ کریں گی۔

جملہ حقوق کے باہمی جھگڑے عدالتوں سے باہر طے کرنے کے لیے دونوں کمپنیاں جو اقدامات لے رہی ہیں، حالیہ معاہدہ اس کی تازہ ترین مثال ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برسوں میں نئی ٹیکنالوجی، خاص طور پر سافٹ ویئر کے جملہ حقوق پر دونوں کپمنیوں کی کاروباری لڑائیوں میں خاصا اضافہ ہوگیا تھا اور دونوں کی کوشش تھی کہ وہ اپنے اپنے سافٹ ویئر سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں۔ لیکن کچھ عرصے سے دونوں نے مقدمہ بازی کی بجائے اپنی اپنی مصنوعات کے جملہ حقوق کے لائسینس لینے کی حکمت عملی اپنا لی تھی۔

جھگڑوں کا الجھا ہوا جالہ

اپنے مختصر مشترکہ بیان میں کپمنیوں کا کہنا تھا کہ ’مائیکروسافٹ اور گُوگل کو جملہ حقوق کے معاملات پر معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے۔‘

’اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیوں نے جملہ حقوق کی خلاف ورزی پر ایک دوسرے کے خلاف جو بھی مقدمات قائم کر رکھے تھے انھیں ختم کیا جا رہا ہے۔ ان مقدمات میں ’موٹرولا موبیلٹی‘ کے معاملے پر جو تنازعات تھے وہ بھی شامل ہیں۔‘

’اس کے علاوہ مائیکروسافٹ اور گُوگل جملہ حقوق کے کچھ دیگر معاملات پر بھی ایک دوسرے سے تعاون پر متفق ہو گئے ہیں اور دونوں کو توقع ہے کہ مستقبل میں دونوں مل کر کام کریں گے تا کہ صارفین کو فائدہ ہو۔‘

 دونوں کپمنیوں کے درمیان جاری جنگ کا ایک بڑا معاملہ ’ایکس باکس گیمز‘ کے حوالے سے بھی منظر عام پر آیا تھا
،تصویر کا کیپشن دونوں کپمنیوں کے درمیان جاری جنگ کا ایک بڑا معاملہ ’ایکس باکس گیمز‘ کے حوالے سے بھی منظر عام پر آیا تھا

یاد رہے کہ مائیکروسافٹ اور گُوگل ایک عرصے سے باہمی اختلافات کے جالے میں پھنسے رہے ہیں۔ ان اختلافات میں سنہ 2011 میں اس وقت اضافہ ہو گیا تھا جب گُوگل نے ’موٹرولا موبیلٹی‘ نامی کمپنی کو خرید لیا تھا جس کا مطلب یہ تھا کہ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن نے موبائل فونز اور نیٹ ورک ٹیکنالوجی کی کئی ایک مصنوعات کے جملہ حقوق پر قبضہ کر لیا تھا۔

معاہدے کے بعد خبر رسان ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے مائیکروسوفٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیوں کے درمیان جاری مقدمہ بازی کا یہ دور ختم ہو گیا ہے،تاہم اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ دونوں کپمنیاں مستقبل میں کبھی بھی ایک دوسرے سے نہیں ٹکرائیں گی۔