جیون ساتھی ہمدرد، تو تکلیف زیادہ

خاتون مریض

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندرد میں خواتین ہمیشہ پارٹنر کی موجودگی سے بہتر محسوس نہیں کرتیں

ایک تحقیق کے مطابق تکلیف دہ میڈیکل عمل کے دوران رومانوی پارٹنر کی موجودگی میں خواتین بہتر محسوس کرنے کی بجائے زیادہ تکلیف محسوس کرتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق یہ درد ان خواتین کو زیادہ ہوتا ہے جو اپنے تعلقات میں قربت سے اجتناب کرتی ہیں۔

تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جذباتی سہارے کے لیے پیار کرنے والوں کو مریض کے قریب لانا ہر مریض کے لیے بہتر حکمتِ عملی نہیں ہے۔

یہ تحقیق سوشل دماغی اور اعصابی مسائل کے جریدے ’ کوگنیٹیو اینڈ ایفیکٹیو نیوروسائنس‘ میں شائع ہوئی ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے تحقیق کاروں کے مطابق ایک پارٹنر کی موجودگی کے دوسرے پارٹنر کی تکلیف کے متعلق ادراک پر بہت کم سائنسی تحقیق ہوئی ہے حالانکہ ڈاکٹر ہمیشہ اس کا مشورہ دیتے ہیں۔

انھوں نے 39 جوڑے لیے اور ان سے اس طرح کے کئی سوال پوچھے تا کہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ وہ ایک دوسرے سے تعلقات میں کتنی قربت اور جذباتی وابستگی چاہتے ہیں یا اس سے اجتناب کرتے ہیں۔

اس کے بعد ہر خاتون رضاکار پر اس وقت تکلیف دہ لیزر شعاعیں پھینکی گئیں جب اس کے پارٹنر کمرے کے اندر اس کے پاس موجود تھے۔ یہی طریقہ ان کے کمرے سے باہر جانے کے بعد بھی اپنایا گیا۔

پھر عورتوں سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی درد کی حد بتائیں۔ ان کے دماغ کی سرگرمی کو بھی ایک طبی ٹیسٹ کی مدد سے ماپا گیا جسے ای ای جی کہتے ہیں۔

تحقیق کاروں کو پتہ چلا کہ کئی عورتوں کو درد کی شدت اس وقت زیادہ محسوس ہوئی جب ان کے پارٹنر کمرے میں موجود ہوتے تھے۔

یہ وہ خواتین تھیں جو کہتی تھیں کہ وہ قربت سے بچتی ہیں اور اپنے پارٹنر کی بجائے اپنے آپ پر زیادہ اعتماد کرتی ہیں اور اپنے تعلقات پر بے چینی محسوس کرتی ہیں۔

اسی طرح کے نتائج دماغ کی سرگرمی میں بھی دیکھے گئے۔

تحقیق کرنے والی ٹیم کی اہم رکن ڈاکٹر کیٹرنیا فوٹوپولو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہماری تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ’ایک مشورہ سب پر لاگو نہیں ہوتا۔

’اگر لوگوں کو اپنے درد کے درجے کو کم کرنے کے متعلق تشویش ہے تو یہ مشورہ ہمیشہ کام نہیں کرے گا کہ آپ کا پارٹنر آپ کے ساتھ ہونا چاہیے۔‘

یونیورسٹی کالج لندن کی ڈاکٹر امینڈا ویلیمز نے کہا کہ ’یہ تحقیق پرانے مشاہدوں سے ملتی جلتی ہے کہ کچھ بچے اپنے ماں باپ کی موجودگی میں زیادہ درد محسوس کرتے ہیں۔

’یہ اس صورت میں زیادہ درست ہوتا ہے جب والدین بچوں سے زیادہ فکر مند ہوتے ہیں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ پارٹنر، ماں باپ میں سے کوئی یا کسی قریبی ساتھی کے قریب ہونے سے ہمیشہ فائدہ ہوتا ہے لیکن یہاں واضح طور پر ایسا نہیں۔‘