سیارچے کا زمین کے قریب سے سفر

،تصویر کا ذریعہepa
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا کہنا ہے کہ ایک گھر کے حجم کے برابر سیارچہ سی آر 2014 کرۂ ارض کے قریب سے گزرا ہے۔
18 میٹر قطر والا یہ سیارچہ اتوار کو زمین کے بہت ہی قریب نیوزی لینڈ کے اوپر سے گزرا۔
ناسا کا کہنا ہے کہ یہ سیارچہ زمین سے 40 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر سے گزرا اور اس سے کرۂ ارض کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اتوار کو نیکاراگوا کے دارالحکومت ماناگیوا کے قریب جو شہابیہ گرا تھا تو وہ شاید اسی سیارچے کا حصہ ہو سکتا ہے۔
اس شہابیے کے گرنے کی وجہ سے ایک بڑا دھماکا ہوا اور زلزلے کے جھٹکے پیدا ہوئے اور پانچ میٹر گہرا اور 12 میٹر چوڑا گڑھا پیدا ہو گیا۔
نیکاراگوا میں آتش فشاں کے ماہر ہیوبرٹو گریشیا نے کہا کہ ’یہ شہابیہ اس سیارچے کا حصہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس طرح ہونا عام سی بات ہے۔ ہمیں اس کا مزید مطالعہ کرنا ہے کیونکہ یہ پتھر یا برف کا بنا ہو سکتا ہے۔‘
ناسا کے مطابق اس سیارچے کا زمین کے قریب سے گزرنے کو سب سے پہلے 31 اگست کو دریافت کیا گیا تھا۔
توقع ہے کہ یہ سیارچہ مستقبل میں دبارہ کرۂ ارض کے گرد چکر لگائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ سال فروری میں مرکزی روس میں اسی حجم کا شہابیہ دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا تھا جس سے 1000 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
ناسا آج کل نسبتاً زمین کے قریب سے گزرنے والے تقریباً 11 ہزار سیارچوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔







