ترکی:عدالت نے ٹوئٹر پر پابندی ہٹا دی ہے

،تصویر کا ذریعہAP
ترکی میں ایک عدالت نے حکومت کی طرف سے ٹوئٹر پر پابندی لگانے کے لیے جاری حکم نامے کو معطل کرتے ہوئے ٹوئٹر سروس بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
گذشتہ ہفتے ٹوئٹر پر اس بنیاد پر پابندی لگائی تھی کہ سماجی رابطوں کی یہ ویب سائٹ ملک کے سنیئر حکام پر بدعنوانی سے متعلق مواد کو ہٹانے میں ناکام رہی تھی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انقرہ کی ایک انتظامی عدالت نے بدھ کو ٹوئٹر پر پابندی لگانے کے لیے سرکاری حکم کو معطل کرتے ہوئے ملک کی ٹیلی کمیونیکیش اتھارٹی ٹی آئی بی کو ٹوئٹر سروس بحال کرنے کا حکم دیا۔
اطلاعات ہیں کہ ٹی آئی بی کو عدالتی حکم موصول ہونے پر ٹوئٹر سے پابندی ہٹا لی جائے گی۔
ایک قانونی ماہر نے جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا ترکی کے روزنامے حریت میں ایک مضمون میں کہا کہ ٹی آئی بی عدالتی حکم کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہے لیکن اسے دوسرا حکم آنے تک ٹوئٹر کی سروس کو بحال کرنا چاہیے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا کہ جلدی ہی ٹی آئی بی ٹوئٹر کو بحال کر دے گی۔
ٹوئٹر پر پابندی کے بعد باوجود ملک کے صدر اور کئی دیگر سینیئر سیاستدانوں سمیت ہزارہا افراد ٹویٹ کرتے رہے۔
ترک وزیراعظم اردوغان اس بات پر ناراض تھے کہ ترک عوام نے ٹوئٹر کی مدد سے ان کے قریبی حلقوں میں شامل افراد پر بدعنوانی کے الزامات لگائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیرِاعظم رجب طعیب اردوغان کی جانب سے ٹوئٹر پر پابندی کی بات سامنے آنے کے بعد جمعرات کو ٹوئٹر کے ترک صارفین نے اطلاع دی تھی کہ انھیں اس ویب سائٹ تک رسائی نہیں۔
ترکی میں ٹوئٹر انتہائی مقبول ویب سائٹ ہے اور ملک میں اس کے کم سے کم ایک کروڑ صارفین ہیں۔ بندش کے باوجود متعدد صارف دیگر ذرائع سے اس ویب سائٹ کو استعمال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ترکی کے صدر عبداللہ گل نے ملک میں مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پابندی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ یہ فیصلہ جلد تبدیل کر دیا جائے گا۔
یورپی یونین نے اس قدم پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور یورپی یونین کی کمشنر سٹیفن فوئلے نے کہا تھا کہ وہ ترک وزیراعظم کی آزادئ اظہار کی پالیسی پر ’متوشش‘ ہیں۔
سنہ 2012 میں ترکی نے یوٹیوب پر دو سال سے عائد پابندی ختم کی تھی۔ یوٹیوب پر سابق ترک رہنما مصطفی کمال اتاترک کے خلاف تضحیک آمیز ویڈیو کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی تھی۔







