چاند سے ٹکرانے والا سب سے بڑا شہابی پتھر

ماہرین فلکیات کے اندازے کے مطابق شہابیے کے گرنے سے چاند کی سطح پر چالیس میٹر وسیع گڑھا پڑگیا

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنماہرین فلکیات کے اندازے کے مطابق شہابیے کے گرنے سے چاند کی سطح پر چالیس میٹر وسیع گڑھا پڑگیا

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ چاند کی سطح پر ایک شہابیے کے ٹکرانے کے ریکارڈ اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

سپین کے ماہرین فلکیات نے گذشتہ سال 11 ستمبر کو ایک شہابی پتھر کے چاند سے ٹکرانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق معلوم شدہ تاریخ میں چاند سے ٹکرانے والا سب سے بڑا شہابی پتھر ہے۔

رائل آسٹرونومکل سوسائٹی جریدے میں شائع ہونے والے مشاہدے کے مطابق شہابی پتھر تقریباً 400 کلوگرام وزنی تھا اور61 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چاند کی سطح سے ٹکرایا اور اس کے نتیجے میں روشنی کا ایک تیز جھماکہ ہوا۔

سائنسدانوں کے مطابق اس روشنی کو زمین سے انسانی آنکھ سے بغیر کسی مدد کے بھی دیکھا جا سکتا تھا۔

سپین کے جنوبی علاقے میں نصب ایک دوربین کی مدد سے شہابی پتھر کے چاند سے ٹکرانے کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق معلوم شدہ تاریخ میں چاند سے ٹکرانے والا سب سے بڑا شہابی پتھر ہے

،تصویر کا ذریعہmoon

،تصویر کا کیپشنماہرین فلکیات کے مطابق معلوم شدہ تاریخ میں چاند سے ٹکرانے والا سب سے بڑا شہابی پتھر ہے

ماہرین فلکیات کے اندازے کے مطابق شہابیے کے گرنے سے چاند کی سطح پر چالیس میٹر وسیع گڑھا پڑگیا۔

اس سے پہلے گذشتہ سال مارچ میں امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند کی سطح پر 40 کلوگرام وزنی شہابی پتھر کے ٹکرانے کا مشاہدہ کیا تھا۔

سپین کے ماہر فلکیات پروفیسر میڈیڈو کے مطابق’ اثرات کے موجودہ ماڈلز کے تحت ہم نے گڑھے کا اندازہ لگایا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ ناسا گڑھے کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہمارے اندازے کی تصدیق کرے گا۔‘

زمین کے برعکس چاند کی فضا میں شہابی پتھروں کو روکنے والی حفاظتی تہہ موجود نہیں ہے۔