کنٹرول ڈائٹ سے چوہوں کے گردوں کا علاج

ریسرچ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشناس تجربے میں ٹائپ ون اور ٹو شوگر سے متاثرہ چوہوں کو استعمال کیا گیا

امریکی سائنسدانوں کے مطابق زیادہ چکنائی اور کم کاربوہائیڈریٹس والی خوراک سے ذیابیطس کے شکار چوہوں کے خراب گردوں کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔

سائنسی روزنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق کنٹرول ڈائٹ سے چوہوں کے خون میں بہت زیادہ شوگر کے سبب گردوں کو ہونے والے نقصانات کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔

برطانیہ میں ذیابیطس سے متعلق ادارے کا کہنا ہے کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا انسانی جسم اس طرح کی خوراک برداشت کر سکتا ہے یا نہیں۔برطانیہ میں 28 لاکھ لوگ ٹائپ ون یا پھر ٹائپ ٹو ذیابیطس کا شکار ہیں اور ان میں ہر تیسرے مریض کے گردے شوگر کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔

نیویارک میں ہونے والے اس تجربے میں ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو شوگر سے متاثرہ چوہوں کو استعمال کیا گیا۔

ان چوہوں میں گردوں کی خرابی پیدا ہونے کے بعد ان میں سے آدھے چوہوں کو آٹھ ہفتوں کے لیے کنٹرول ڈائٹ پر رکھا گیا۔

آٹھ ہفتوں کے بعد سائنسدانوں نے نوٹ کیا کہ چوہوں کے گردے ٹھیک ہو گئے۔

اس ریسرچ کے سربراہ پروفیسر چارلس موبز کا کہنا ہے کہ اس ریسرچ سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ ذیابیطس سے پیدا ہونے والے مسائل اور نقصانات کو ختم کرنے میں ڈائٹ کتنی ضروری ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ صرف ایک ریسرچ ہے اور ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ انسانوں پر اس ریسرچ کا کیا اثر ہوگا اور شوگر کے مریضوں کو اس سے کس طرح فائدہ ہو سکتا ہے۔