اپنے گدے کو کیسے صاف کریں اور آپ کو ایسا کتنی بار کرنا چاہیے؟

Mujer durmiendo sobre almohada y cubierta con una manta naranja.

،تصویر کا ذریعہGetty Images

نہ آپ کا پارٹنر، نہ آپ کے والدین اور نہ ہی آپ کے ساتھی۔ ممکنہ طور پر ایک چیز جو آپ کا سب سے زیادہ ساتھ دے گی، وہ ہے آپ کا میٹریس یا گدا۔ حیران ہونے کی بات نہیں، ہم اپنی زندگی کا ایک تہائی حصہ افقی طور پر اس پر لیٹے ہوئے ہی گذارتے ہیں۔ اور پھر بھی ہم اپنی زندگی کے اس ساتھی کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے جس کا وہ مستحق ہے۔

کیا ایسا نہیں ہے؟ چلیں ذرا مل کر اس کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔

کیا آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو بار بار چادریں بدلتے ہیں یا پھر آپ ہر لیپ والے سال میں ایسا کرتے ہیں، جب کوئی اور چارہ نہیں ہوتا اور فیبرک میں پہلے سے ہی بیکٹیریا جمع ہو چکے ہوتے ہیں اور آپ اپنی پسندیدہ ٹی وی سیریز ان کے ساتھ مل کر دیکھتے ہیں۔

شاید آپ بظاہر صاف چادروں پر بیٹھتے ہیں اور آپ نے وہ کپڑے پہنے ہوتے ہیں جو آپ باہر گلیوں میں بھی پہنتے ہیں، جو سب وے، بار اور پارک سے گزر کر آتے ہیں۔ اور آپ داغ کیسے صاف کرتے ہیں؟

مجھے اندازہ لگانے دیں۔ شاید آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو بستر پر ناشتہ کرنے کے رومانوی افسانے پر یقین رکھتے ہیں اور اس لیے آپ کے گدے کو ممکنہ خطرات جیسے کہ کافی، اورنج جوس اور پتہ نہیں اور کیا کچھ کے گرنے کا سامنا رہتا ہے۔

آخر میں، کیا آپ اپنے گدے کو باقاعدگی سے پلٹتے ہیں یا کیا یہ پہلے سے ہی ایسا ہو چکا ہے کہ آپ اس سے اپنا موم کا سانچہ بنا سکتے ہیں؟

اگر آپ نے ان میں سے ایک بھی سوال کا جواب ہاں میں دیا ہے تو آپ کو اس مضمون کو مزید پڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ آپ کا گدا سی ایس آئی جیسی جرائم پر مبنی ٹی وی سیریز میں لائے جانے کے قابل نہ بن جائے۔

Una cama desarreglada con ropa, una botella de plástico y una caja de pizza encima.

،تصویر کا ذریعہGetty Images

’۔۔۔ میں نے اپنی سفید چادروں پر داغ لگا دیا ہے‘

چاہے یہ آپ کے ساتھ لالو روڈریگز کے گانے کی طرح ہوا ہو یا نہیں، بستر دھونا آپ کے گدے اور آپ کی اپنی صحت کے لیے ضروری ہے۔

نہیں، اسے ہفتوں اور مہینوں تک نہ بدلنے سے یہ زیادہ گرم اور آرام دہ نہیں ہو جائے گا۔ یہ بیکٹیریا اور بدبو کے لیے ایک بہترین افزائش گاہ بن چکی ہو گی۔

اپنے گدے کو صاف رکھنے کے لیے، اپنی چادریں ہفتہ وار تبدیل کریں، جیسا کہ نیند کے معیار کا مطالعہ کرنے والی ایک تنظیم، سلیپ فاؤنڈیشن نے تجویز کیا ہے۔

یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ تکیے، کمبل اور رضائیاں دھوئیں، لیکن چادروں سے کم۔ تکیے کو تو مہینے میں کم از کم ایک بار۔ کمبل اور لحاف کا معاملہ ان کے استعمال پر منحصر ہے، یہ آپ کے استعمال کے سیزن کے اختتام پر بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ رضائیوں پر غلاف چڑھاتے ہیں تو اسے دھونا آسان ہو جائے گا اور آپ یہ زیادہ کثرت سے کر سکتے ہیں۔

تکیوں کو دھونا بھی اہم ہے، لیکن پہلے یہ دیکھ لیں کہ کیا انھیں واشنگ مشین میں دھویا جا سکتا ہے کہ نہیں۔

ویسے تو ہر چیز کو گرم پانی سے دھونا بہتر ہے، اس طرح مٹی میں پیدا ہونے والے کیڑوں سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے، جو نظر تو نہیں آتے مگر بہت پریشان کرتے ہیں۔ خاص طور پر دمہ کے مریضوں اور ان لوگوں کو جنھیں الرجی ہوتی ہے۔ اس لیے ایسا کرنے سے پہلے، سکڑنے، نقصان، یا رنگت کے خراب ہونے کے خدشے سے بچنے کے لیے کپڑوں کے لیبلز کو چیک کریں۔

Las manos de una mujer llenando la lavadora con ropa de cama.

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کچھ لوگ تو ایک سال میں میٹریس کو چار مرتبہ تک الٹتے پلٹتے ہیں تاکہ یہ اچھی حالت میں رہے۔

یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ آپ کے پاس ڈیزائن کیسا ہے، لیکن آرگنائزیشن آف کنزیومرز اینڈ یوزرز (او سی یو) کے مطابق سر والے حصے کو پاؤں کی طرف کرنا ہی کافی ہے۔ اسے مکمل طور پر الٹا بھی کیا جا سکتا ہے، یعنی مہینوں نیچے رہنے والے حصے کو اوپر کی طرف کرنا۔ یا پھر دونوں ہی۔

کچھ گدوں میں سردیوں یا گرمیوں کے موسم کے لیے مختلف فیبرک بھی ہوتے ہیں۔

اسے کب الٹا کرنا ہوتا ہے؟ جب سردی زیادہ ہو جائے یا گرمی شروع ہو جائے تو ایسا کرنا اچھا خیال ہو سکتا ہے۔

اگر آپ مزید کرنا چاہیں تو آپ ایسا موسم کی ہر تبدیلی کے ساتھ کر سکتے ہیں۔

کچھ گدے ایسے ہوتے ہیں جنھیں الٹا کر کے استعمال نہیں جا سکتا کیونکہ ان میں مختلف حصوں میں یا کچھ مخصوص حصوں میں چیزیں (روئی، فوم یا سپرنگ وغیرہ) بھرا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ہاں، گدے کو ہلانے کے لیے آپ کو کسی سے مدد بھی لینی چاہیے۔ ایسا ٹھیک نہیں کہ آپ اپنی پیٹھ کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہیں اور الٹا اسے مزید تکلیف پہنچا بیٹھیں۔

جب آپ گدے کو ہلا رہے ہوتے ہیں تو آپ کو اسے ویکیوم بھی کر لینا چاہیے تاکہ تھوڑی صفائی ہو جائے اور اس میں جمع ہونے والی دھول کو ہٹایا جا سکے۔

اگر آپ چاہیں تو خشک بیکنگ سوڈا پورے گدے پر بھی ڈال سکتے ہیں۔ اسے چند گھنٹے رہنے دیں اور بعد میں کپڑے کے برش اور ویکیوم سے ہر چیز کو ہٹا دیں۔

اپنے کمرے میں اور خاص طور پر بستر کے نیچے کثرت سے ویکیوم کرنا نہ بھولیں۔ یہ عموماً، ہفتے میں ایک بار کیا جانا چاہیے۔

Representación de ácaros vistos a través de una lupa

،تصویر کا ذریعہGetty Images

لیکن، عمومی صفائی اور وقتاً فوقتاً تازہ ہوا میں رکھنے کے علاوہ، کئی مرتبہ ایسے داغ بھی پڑ جاتے ہیں جنھیں جلد از جلد ختم کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ میٹریس بیکٹیریا کا گھر نہ بن جائے۔ اس سے ناپسندیدہ بدبو بھی نہیں رہتی۔

داغ کسی وجہ سے بھی لگے، دو چیزوں سے بچنا چاہیے: گدے کو بھگونے اور اسے رگڑنے سے۔ یہ صرف چیزوں کو مزید خراب کرتا ہے۔

دستانے پہنیں، داغ کو تولیہ سے پکڑیں ​​تاکہ یہ پھیل نہ جائے۔ اور ایک ایک کر کے داغ صاف کریں، اگر ضروری ہو تو، اس عمل کو کئی بار دہرائیں جب تک کہ داغ غائب نہیں ہو جاتا۔ جب ایک داغ اتر جائے تو پھر دوسرے کی طرف توجہ دیں۔

جب سب داغ دھل جائیں تو پورے حصے کو دوبارہ پانی سے کھنگالیں۔ لیکن یاد رہے کہ ایسا کپڑے کو بہت ہی نچوڑ کر یا تولیے سے کریں۔

تھوک اور پسینے کے داغوں کے لیے، جو گدوں اور تکیوں پر سب سے زیادہ عام ہوتے ہیں، آپ کپڑوں پر سے داغ ہٹانے والا مادہ یا انزیمیٹک کلینر استعمال کر سکتے ہیں۔

اسے لگانے سے پہلے چیک کر لیں کہ کلینر گدے کے کپڑے کے مواد کے لیے موزوں ہے بھی کہ نہیں۔ او سی یو یہ بھی تجویز کرتا ہے کہ آپ برتن صاف کرنے والے ہلکے صابن کو ایک کپ گرم پانی میں جس میں سفید سرکے کے چند قطرے ڈلے ہوں ملا کر استعمال کر سکتے ہیں۔

میٹریس سے خون کے دھبوں کو صاف کرنے کے لیے، کم سے کم پانی کا استعمال کرتے ہوئے بیکنگ سوڈے کا ایک گاڑھا پیسٹ بنائیں۔ اور گدے پر لگائیں۔ تقریباً 30 منٹ کے بعد یہ خشک ہو جائے گا اور آپ اس پر سے سوڈے کے بچے ہوئے پیسٹ کو ہٹانے کے لیے گدے کو آہستہ سے برش کر سکتے ہیں۔

یہ کام بار بار کرتے رہیں یہاں تک کہ داغ غائب ہو جائے۔ آخر میں، نمکین پانی سے گیلے اسفنج کو آہستہ سے لگائیں۔ نئے نئے داغ کا ایک فوری اور مؤثر علاج داغ پر ہائیڈروجن پر آکسائیڈ لگانا اور اسے روئی سے جذب کرنا ہے۔

جب آپ یہ کام کر لیں تو، اس جگہ کو آہستہ سے دھونے کے لیے صاف کپڑے کو پانی سے گیلا کریں، پھر بیکنگ سوڈا لگائیں، اسے بیٹھنے دیں، اور پھر نرم برش یا تھوڑا سا ویکیوم کر کے صاف کریں۔

اگر یہ کارگر ثابت نہیں ہوتا تو اسے تبدیل کر دیں۔

پیشاب کے داغوں کے لیے، آپ پہلے ہی احتیاط برتتے ہوئے گدے کے اوپر ایک پروٹیکٹر شیٹ لگا سکتے ہیں جو واٹر پروف بھی ہو، دھونے کے اور دوبارہ استعمال کے قابل بھی ہو۔ ایسے بیڈ کور بھی ہیں جو پورے گدے کو نہیں بلکہ ایک مخصوص جگہ کو ڈھانپتے ہیں۔ ایک مرتبہ استعمال کیے جانے والے اور بار بار استعمال کیے جانے والے بھی۔

ایسے داغوں اور قے کی وجہ سے پیدا ہونے والے داغوں کی صورت میں جلد از جلد عمل کرنا ضروری ہے۔ ان سے نکلنے والے کیمیکل گدے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

او سی یو تجویز کرتا ہے کہ اضافی سیال یا مادے کو صاف کرنے کے بعد، ہاتھ یا اپہولٹسری فوم سے برتن دھونے والے تھوڑے سے مائع کو گرم پانی میں گھلائیں اور اس میں امونیا کے چند قطرے شامل کریں۔ سپنج یا کپڑے کی مدد سے اس مادے کو گدے پر لگائیں۔ اس کے بعد صاف پانی میں جراثیم کش ادویات جیسے الکوحل یا ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کے چند قطرے ملائیں اور اس سے کوئی کپڑا گیلا کریں اور اس کے بعد اس جگہ کو خشک کپڑے یا جاذب کاغذ جیسے کچن رول وغیرہ سے اچھی طرح خشک کریں۔

کسی بھی صورت میں داغ والے میٹریس کو اس وقت تک نارمل پوزیشن میں نہ رکھیں جب تک کہ وہ خشک نہ ہو جائے۔

گدے پر بھی محبت کرنے والا اصول لاگو ہوتا ہے: یعنی یہ جب تک ہے اسی وقت تک ہی ابدی ہے۔ عام طور پر مینوفیکچررز ہر آٹھ یا 10 سال بعد میٹریس کی تبدیلی تجویز کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ کوئی قطعی سائنس نہیں ہے۔

لیکن اگر یہ آپ کو وہ چیز نہیں دیتا ہے جس کی آپ کو ضرورت ہے، اگر یہ ہر رات آپ کو خوشی یا آرام دینے کے بجائے پریشان کرتا ہے، تو پھر یقیناً دوسرے آپشن ڈھونڈنے کی ضرورت آ گئی ہے۔