پرسیویرینس کے 100 دن: سیلفی، پروازیں اور سرخ سیارے کی گرد آلود سطح

ناسا کا پرسیویرینس روور مریخ پر لینڈ کرنے کے بعد وہاں اپنا 100واں دن منا رہا ہے۔ یہ روور مریخ پر ماضی میں زندگی کے آثار کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے جس میں سیارے کی ارضیاتی ساخت اور اس کے ماحول کے حوالے سے انتہائی اہم معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔

18 فروری کو مریخ پر اترنے کے بعد سے اس روبوٹ نے سرخ سیارے سے حیرت انگیز تصاویر بھیجی ہیں۔ یہ تصاویر پرسیویرینس روور کی لینڈنگ کے مقام یعنی جزیرو کریٹر کے آس پاس لی گئی ہیں جو کہ ایک تیس میل چوڑا گڑھا ہے اور یہ سرخ سیارے کے خط استوا یعنی اکویٹر سے تھوڑا شمال میں واقع ہے۔

اس روبوٹ پر نصب ایک چھوٹے ہیلی کاپٹر انجینویٹی نے بھی فضا میں پرواز کے دوران لی جانے والی تصاویر شیئر کی ہیں۔ یہ کسی دوسرے سیارے پر زمین سے جانے والی مشین کی پہلی پرواز تھی۔

اس مشن سے اب تک جو تصاویر واپس بھیجی گئی ہیں ان میں سے بہترین تصاویر کو اس تحریر کے لیے چنا گیا ہے۔

پرسیویرینس روور کے لیے ابتدائی طور پر مریخ پر ایک سال (زمین کے اعتبار سے دو سال) تک آپریٹ کرنے کے فنڈ موجود ہیں۔