دنیا میں پرندوں کی کل آبادی کتنی ہے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا میں پرندوں کی کل آبادی پچاس ارب کے قریب ہے۔ چڑیا جو ہر شہر، ہر گاؤں، ہر گلی اور ہر گھر میں چہچہاتی نظر آتی ہیں صرف ان کی آبادی کی تعداد ایک اعشاریہ چھ ارب ہے۔
ان چڑیوں کے علاوہ چڑیوں کی تین اور نسلیں بھی ہیں جن میں یورپ میں پائی جانی والی سٹارلنگ اور بارن چڑیاں اور مینائیں بھی ہیں جن کی مجموعی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔
لیکن چڑیوں کی بہت سی نسلیں نایاب ہیں ان میں دس میں سے ایک نسل ایسی ہے جن کی تعداد پانچ ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کی نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ایک ٹیم کے مطابق پرندوں کی آبادی کے بارے میں اس تحقیق سے بہت سی معدوم ہونے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مدد ملے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تحقیق میں شامل ڈاکٹر کوری کالاگاہن نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ ’ہمارا بہت سا وقت اور مالی وسائل بنی نوع انسان کی فکر میں صرف ہوتے ہیں لیکن ہمیں ان حیوانات اور نباتات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے جن کے ساتھ ہم اس کرۂ ارض پر بستے ہیں۔‘
دنیا میں موجود پرندوں کی درست تعداد معلوم کرنا انتہائی پیچدہ عمل ہے اور اس کا کوئی حتمی جواب موجود نہیں ہے۔
ماضی میں لگائے اندازوں کے مطابق دو سو سے چار سو ارب پرندے دنیا میں موجود ہیں اور ان کی دس ہزار سے تیرہ ہزار مختلف نسلیں یا اقسام ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا کے تحقیق کاروں نے نو ہزار سات سو مخلتف نسلوں کے پرندوں کا تجزیہ کیا اور یہ ڈیٹا انھوں نے پرندوں کو پسند کرنے اور ان کا مشاہدہ کرنے والوں سے اکھٹا کیا جو انٹرنیٹ پر دستیاب تھا۔
اس کے بعد انھوں نے اس ڈیٹا یا اعداد و شمار کو ماہرین سے بات کر کے بہتر کیا اور اس بارے زیادہ درست اندازے لگانے میں کامیاب ہوئے۔
یہ تحقیق جو پروسیڈنگ آف نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کے جریدے میں شائع ہوئی ہیں اس کے مطابق نصف کرۂ شمالی یعنی یورپ، شمالی ایشیا، شمالی افریقہ، جزیرہ نما عرب کے کچھ حصوں اور بحیرہ منجمد شمالی میں بہت سے پرندے موجود ہیں۔ اس کے مقابلے میں مڈگاسکر اور بحیرہ منجمد جنوبی میں کم پرندے موجود ہیں۔










