کریپٹو کرنسی: بٹ کوائن کی کم ہوتی قدر کو ایلون مسک کی دوبارہ ٹویٹ کا سہارا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹس کے باعث ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے اور اس مرتبہ دوبارہ ان کی ٹویٹ کے بعد بٹ کوائن کی تیزی سے گرتی قدر کو ایک بار پھر سہارا ملنا شروع ہوا ہے۔
ٹیسلا کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی نے بٹ کوائن فروخت نہیں کیے ہیں جبکہ اس سے قبل اتوار کو انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں اس کے برعکس بات کی تھی۔ایلون مسک نے اپنی حالیہ ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کے لیے ٹیسلا نے کوئی بٹ کوائن فروخت نہیں کیا ہے۔‘
کرپٹو کرنسی کے قدر کی نگرانی کرنے والے ادارے کوائن بیس کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے وضاحتی ٹویٹ کرنے کے پانچ منٹ کے اندر ہی بٹ کوائن کی قدر میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی قدر 42566 ڈالرز سے بڑھ کر 44138 ڈالرز پر پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہ@elonmusk
عالمی سطح پر بٹ کوائن کی قدر میں گراوٹ کا حالیہ معاملہ اتوار کو اس وقت شروع ہوا تھا جب ٹوئٹر پر کرپٹو وہیل نامی ایک صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’بٹ کوائنز خریدنے والے صارف اگلی ششماہی میں اس وقت پچھتائیں گے جب انھیں یہ علم ہو گا کہ ٹیسلا نے اپنے خریدے ہوئے بٹ کوائنز کو فروخت کر دیا ہے۔‘
اس صارف نے مزید لکھا تھا کہ ’ایلون مسک کو اس بارے میں جو اتنی نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے میں اس کا ذمہ دار ان کو نہیں ٹھہراؤں گا۔‘اس صارف کی ٹویٹ کے جواب میں ایک گھنٹے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے لکھا تھا ’درحقیقت۔‘

،تصویر کا ذریعہ@elonmusk
تاہم انھوں نے اپنی جوابی ٹویٹ میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انھوں نے ’درحقیقت‘ ٹیسلا کی جانب سے خریدے گئے بٹ کوائنز بیچنے کے متعلق کہا ہے یا ان پر ہونے والی تنقید کے جواب میں لکھا تھا۔
کرپٹو کرنسی ٹریکر کمپنی کوائن بیس کے مطابق ایلون مسک کی اس ٹویٹ کے بعد بٹ کوائن کی قدر میں تیزی سے گراوٹ شروع ہو گئی تھی اور چند ہی گھنٹوں میں اس کی قدر میں آٹھ فیصد گراوٹ کے بعد اس کی قدر 43 ہزار ڈالرز سے نیچے گر گئی تھی۔ اس کی قدر میں گراوٹ کا عمل اتوار کو شروع ہو گیا تھا لیکن اس میں تیزی ایلون مسک کی جوابی ٹویٹ کے بعد دیکھنے میں آئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی ٹیکنالوجی کپمنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک گذشتہ کچھ عرصے سے کرپٹوکرنسی کے حامی رہے ہیں۔ ایلون مسک کی جانب سے بٹ کوائن کے متعلق یہ پوسٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گذشتہ ہفتے انھوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی کمپنی ٹیسلا نے اپنی گاڑیوں کی ادائیگی بٹ کوائن کے ذریعے قبول کرنے کے منصوبے کو ترک کر دیا ہے۔
اس وقت بھی بٹ کوائن کی قدر میں 12 فیصد گراوٹ دیکھنے میں آئی تھی۔
انھوں نے گذشتہ ہفتے ٹیسلا کی جانب سے گاڑیوں کی ادائیگی بٹ کوائن کے ذریعے کرنے کے منصوبے کو ترک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمیں بٹ کوائن کی مائننگ اور ٹرانزیکشن کے لیے تیزی سے بڑھتی ہوئی فوسل فیول کی کھپت کے بارے میں تشویش ہے خصوصاً کوئلہ جو کسی بھی ایندھن میں سب سے زیادہ منفی اخراج کا باعث بنتا ہے۔‘
گذشتہ بدھ کو ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’بہت سی سطحوں پر کرپٹو کرنسی ایک اچھی چیز ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس کا روشن مستقبل ہے لیکن ماحولیات کی قیمت پر ہم ایسا نہیں کر سکتے۔‘
یاد رہے کہ مارچ میں انھوں نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ 'لوگ اب بٹ کوائن کے ذریعے ادائیگی کر کے ان کی کمپنی کی گاڑیاں خرید سکتے ہیں۔‘ جبکہ اس سے قبل فروری میں بھی ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انھوں نے بٹ کوائن میں 1.5 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے۔
ایلون مسک گذشتہ چند ماہ سے کرپٹو کرنسی کی بہت حمایت کرتے رہے ہیں اور انھوں نے بٹ کوائن کے علاوہ 'ڈاگی کوائن' نامی کریپٹو کرنسی کے متعلق بھی بات کی تھی۔
ایلون مسک کی ٹویٹ اور بٹ کوائن صارفین کا ردعمل
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کا اتوار کے روز بٹ کوائن کے متعلق ٹویٹ نے جہاں کریپٹو کرنسی کی قدر میں ہلچل پیدا کر دی وہی دنیا بھی میں بٹ کوائن خریدنے والے صارفین کے لیے بھی ایک نئ مشکل نے جنم لے لیا۔ بٹ کوائن کی تیزی سے گرتی قیمت کے باعث بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر ایلون مسک کی ٹویٹ پر مخلتف تبصرے کرنا شروع کر دیے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ایلون مسک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ’سر برائے مہربانی مدد کریں، آپ کے بٹ کوائن کے متعلق بیان نے ایک ہیجان کی کیفیت پیدا کر دی ہے، میں نے اپنی تمام جمع پونجی گنوا دی ہے، آپ بٹ کوائن کے متعلق کچھ مثبت بات کریں تاکہ میرے جیسے افراد کو کچھ بچانے کا موقع مل سکے۔‘

،تصویر کا ذریعہ@GauravWal/Twitter
اسی طرح ایک اور صارف نے ایلون مسک کی ٹویٹ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو ہی درخواست کر ڈالی جس میں اس نے لکھا کہ ’بل گیٹس صاحب صرف آپ ہی ہیں جو بٹ کوائن کی گرتی قیمت کو روک سکتے ہیں۔ ایلون مسک سمجھتے ہیں وہ اکیلے ہیں جو اس کی قیمت میں اتار چڑھاؤ پیدا کر سکتے ہیں، بل گیٹس صاحب ان کو ذرا ان کی اوقات دکھائیں۔‘

،تصویر کا ذریعہ@_Anandtiwary
جبکہ ایک اور صارف نے ایلون مسک سے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کیا آپ بٹ کوائن کے خلاف ٹویٹس کرنا بند کر سکتے ہیں؟ ہم کریپٹو کرنسی پر آپ کا اثر رسوخ جانتے ہیں اور آپ کو یہ مزید ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ پہلے ہی دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں، آپ کو اس سے زیادہ کیا چاہیے؟ جبکہ میں نے حال ہی میں بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کرنا شروع کی ہے تاکہ میں اپنی والدہ کو ایک گھر خرید کے دے سکوں اور انھیں ہر ماہ کرائے کی فکر نہ ہو۔‘

،تصویر کا ذریعہ@classicspring92











