'گوگل ایپل کا خریدار، جعلی خبر پر سب حیرت زدہ‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مالیاتی ادارے ڈاؤ جونز نے منگل کو یہ خبر جاری کر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ 'گوگل ایپل کو نو ارب ڈالر میں خرید رہا ہے۔'
تاہم یہ خبر کہ اس فروخت کا ذکر گوگل کے شریک بانی سٹیو جابز کی وصیت میں بھی تھا، غلط ثابت ہوئی۔
اسے دو منٹ کے اندر اندر ہٹا دیا گیا، تاہم اس کی وجہ سے ایپل کے حصص مختصر وقفے کے لیے چڑھ گئے۔
ڈاؤ جونِز نے کہا کہ یہ خبر ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے جاری کی گئی تھی اور اسے نظرانداز کر دیا جائے۔
خبر میں کہا گیا تھا کہ ’یہ خبر سن کر ہر ذی روح دنگ رہ گیا،‘ اور کہا کہ گوگل کے ملازمین نے اسے سن کر خوشی سے نعرہ بلند کیا۔
خبر میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اب گوگل ایپل کے نئے ہیڈکوارٹرز میں منتقل ہو جائے گا۔
ڈاؤ جونز نے بعد میں کہا کہ نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9:34 سے 9:36 پر پوسٹ کی جانے والی اس خبر کی وجہ تکنیکی خرابی تھی۔ 'اب یہ خبر ہٹا دی گئی ہے۔ ہم اس غلطی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔'
ڈاؤ جونز کے چیف ایگزیکٹیو ولیم لیوس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ واقعہ ایک ٹیکنالوجی ٹیسٹ کے دوران پیش آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ مالیاتی میگزین فوربز کے مطابق ایپل گوگل سے کہیں بڑی کمپنی ہے اور اس کی کل مالیت 750 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ اس کے مقابلے پر گوگل کی کل قدر 580 ارب ڈالر کے قریب ہے۔
اس وقت ان کمپنیوں کے درمیان ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، تاہم فوبز کے مطابق توقع ہے کہ ایپل اس ہدف تک 2019 تک پہنچ کر دنیا کی پہلی ایسی کمپنی بن جائے گی۔











