امریکہ: حادثے کے بعد اوبر نے خودکار گاڑیوں کو روڈ سے ہٹا لیا

کار حادثہ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنجب حادثہ ہوا تو اس وقت کار سیف ڈرایئونگ موڈ یعنی خود سے چل رہی تھی

معروف امریکی کمپنی اوبر نے ایریزونا میں ایک حادثے کے بعد اپنی خودکار گاڑیوں کو روڈ سے ہٹا لیا ہے، حادثے کے سبب خود سے چلنے والی اس کی ایک گاڑی الٹ گئی تھی۔

حادثے کی جو تصاویر آن لائن پوسٹ کی گئی ہیں ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اوبر کی گاڑی کے نزدیک ایک دوسری تباہ شدہ گاڑی بھی موجود ہے۔

اوبر کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز والؤو کی ایس یو وی کار کا جب حادثہ ہوا تو اس وقت وہ سیف ڈرایئونگ موڈ میں چل رہی تھی۔ اس کے مطابق اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ'حادثے کے وقت ایک شخص ڈرائیونگ سیٹ پر موجود تھا لیکن ابھی یہ معلوم نہیں کہ آیا وہ اس وقت گاڑی کو کنٹرول کر رہا تھا یا نہیں۔'

اوبر کی خودکار گاڑیوں میں ڈرائیور کی سیٹ پر ہمیشہ ایک شخص موجود ہوتا ہے جو ضرورت پڑنے پر گاڑی کا کنٹرول سنبھال لیتا ہے۔

کمپنی نے سب سے پہلے اپنی خودکار گاڑیوں کو ایریزونا سے ہٹایا اور اس کے بعد پینسیلوینیا اور کلیفورنیا سے بھی اس نے اپنے اس آپریشن کو معطل کر دیا ہے۔

حالیہ دنوں میں اوبر کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ کئی ملازمین نے کمپنی میں کام کے ماحول سے متعلق شکایات کی تھیں۔

اس کے علاوہ حالیہ ہفتوں میں کمپنی کے کئی سینیئر عہدیدار استعفیٰ دے چکے ہیں جن میں صدر جیف جونز بھی شامل ہیں۔