ڈیلی موشن کے لاکھوں صارفین کی معلومات چوری کر لی گئیں

ڈیلی موشن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنڈیلی موشن کی جانب سے تمام صارفین کو اپنے پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے

ٹیکنالوجی ویب سائٹ لیکڈسورس کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ڈیلی موشن کے ساڑھے آٹھ کروڑ سے زائد صارفین کی معلومات ہیک کر لی گئی ہیں۔

لیکڈسورس کا کہنا ہے کہ آٹھ کروڑ 52 لاکھ صارفین کے یوزر نیم اور ای میل ایڈیسز اور ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین پاس ورڈ 20 اکتوبر کو چوری کر لیے گئے تھے۔

لیکن یہ پاس ورڈز بی کرپٹ ہیشنگ الگورتھم کے ساتھ محفوظ کیے گئے جس کی وجہ سے ہیکرز کو ان اکاؤٹنس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔

ڈیلی موشن کی جانب سے تمام صارفین کو اپنے پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ڈیلی موشن کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کی یہ کوشش محدود تھی اور کسی کی ذاتی معلومات ضائع نہیں ہوئی ہیں۔

اس کا کہنا ہے کہ 'ہمارے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ ممکنہ سکیورٹی خدشات، جن کا تعلق ڈیلی موشن سے نہیں ہے، اس کی وجہ سے شاید مخصوص تعداد میں اکاؤنٹس کے پاس ورڈز متاثر ہوئے ہیں۔'

ڈیلی موشین کی جانب سے مضبوط پاس ورڈز رکھنے کی ہدایت کرنے ہوئے کہا گیا ہے کہ 'صارفین سادے الفاظ اور اعداد پر مشتمل جیسا کہ password1234 پاس ورڈز نہ رکھیں۔'

ڈیلی موشن

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنڈیلی موشن کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کی یہ کوشش محدود تھی اور کسی کی ذاتی معلومات ضائع نہیں ہوئی ہیں

انٹرنیٹ سکیورٹی کے ماہر مارک جیمز کا کہنا ہے کہ 'اپنا پاس ورڈ چیک کریں اور اس ویب سائٹ کا پاس ورڈ تبدیل کر دیں، اگر آپ نے یہی پاس ورڈ کسی اور ویب سائٹ کے لیے رکھا ہوا ہے تو فورا وہ بھی تبدیل کر لیں اور کوشش کریں کہ اگر آپ پاس ورڈ مینجر استعمال نہیں کر رہے تو اس کا استعمال کر یں۔'

ڈیلی موشن کا کہنا ہے کہ 'کیا کچھ چوری کیا گیا ہے اور کیا جنہیں اس بارے میں مزید معلومات کے بغیر ہمیں نہیں معلوم کیا کتنا نقصان ہوا ہے۔ لیکن یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا جی آپ کی پروفائل میں مزید ڈیٹا شامل کر کے اس انٹرنیٹ پر پھیلانا ایک اچھا خیال نہیں ہے۔'

ڈیلی موشن کی سنہ 2005 میں بنیاد رکھی گئی تھی اور الیکسا رینکنگ کے مطابق یہ دنیا کی 113 ویں مشہور ترین ویب سائٹ ہے۔