ندال دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں: جاکووچ

ندال نے یو ایس اوپن کے کواٹر فائنل اور سیمی فائنل کے میچوں میں انتہائی اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کیا
،تصویر کا کیپشنندال نے یو ایس اوپن کے کواٹر فائنل اور سیمی فائنل کے میچوں میں انتہائی اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کیا

یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل سے پہلے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے اپنے مدِ مقابل سپین کے رفائل ندال کو دنیا کا بہترین ٹینس کھلاڑی قرار دیا ہے۔

نیویارک میں پیر کو کھیلے جانے والے فائنل میں یہی دونوں کھلاڑی آمنے سامنے ہیں۔

اس سے پہلے خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد وکٹوریا ازارینکا کو ہرا کر یہ اعزاز جیتا ہے۔

ندال اور جاکووچ کے درمیان یہ سینتیسواں میچ اور چھٹا گرینڈ سلیم فائنل ہوگا۔ دونوں کھلاڑی ماضی میں یو ایس اوپن کے فاتح چکے ہیں۔

اگرچہ جاکووچ اس وقت کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک ہیں مگر ندال کی حالیہ بہترین فارم کی بنا پر انہیں یہ میچ جیتنے کے لیے پسندیدہ تصور کیا جا رہا ہے۔

ندال نے اس سال ہارڈ کورٹ پر اکیس میچ کھیلے ہیں اور سب میں کامیاب رہے ہیں۔

جاکووچ اور ندال کے درمیان گذشتہ چھتیس میچوں میں سے اکیس ندال اور پندرہ جوکووچ کے نام ہوئے ہیں۔

جاکووچ نے یو ایس اوپن کے پہلے سیمی فائنل میں سوئس حریف سٹانیسلاس واورنکا کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں رفائل ندال نے اپنے فرنچ حریف رچرڈ گیسکے کو باآسانی ہرا دیا تھا۔

ندال فروری 2013 میں گھٹنے کی چوٹ سے صحت یابی کے بعد پہلا اہم ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔رافیل ندال نے 2010 میں آخری مرتبہ یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔

کواٹر فائنل میں اپنے ہم وطن روبریڈو کو شکست دینے کے بعد رفائل ندال نے کہا تھا کہ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر وہ انتہائی مطمئن ہیں۔