رفائل ندال اب عالمی نمبر دو

رفائل ندال اتوار کو سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامٹ جیتنے کے بعد اب عالمی نمبر دو کے درجے پر پہنچ گئے۔
ندال اب یو ایس اوپن میں نمبر دو کی حیثیت سے شرکت کریں گے جس کے چیمپیئن اینڈی مرے کو انہوں نے عالمی رینکنگ یعنی درجہ بندی میں دوسرے درجے سے پیچھے کیا ہے۔
یو ایس اوپن ٹینس چھبیس اگست کو نیو یارک میں شروع ہو رہا ہے۔
روجر فیڈرر گزشتہ گیارہ سال کی کم ترین درجہ بندی یعنی سات پر پہنچ گئے ہیں۔
ندال نے نویں بار سنسناٹی اوپن جان اسنر کو شکست دے کر جیتا۔
ندال نے کہا کہ ’سب سے پہلے تو یہ کہ میں نے ایک انتہائی اہم ٹورنامنٹ جیتا ہے ایک ماسٹرز 1000 اور یہ کہ میں اب اس ہفتے چھ پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ایک اچھی پوزیشن میں ہوں ۔‘
ندال کے لیے یہ ایک بہترین تبدیلی ہے جو گزشتہ سال کے ومبلڈن کے بعد سات مہینے تک گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے کھیل سے باہر رہے۔
ندال اب تک بارہ گرینڈ سلیم مقابلے جیت چکے ہیں اور پانچویں درجے تک پہنچنے کے بعد اب واپس دوسرے درجے پر پہنچے ہیں۔
اپنی چوٹ سے صحتیاب ہونے کے بعد ندال اب تک بارہ ٹورنامنٹوں میں سے گیارہ کے فائنلز میں پہنچے ہیں جن میں سے انہوں نے نو میچز جیتے بھی ہیں۔
اب وہ اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ اس سال کا اختتام عالمی نمبر ایک کے طور پر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب اینڈی مرے اب تک چار گرینڈ سلیم مقابلوں کے فائنلز میں پہنچے ہیں جن میں سے انہوں نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن جیتے مگر اب وہ تیسرے درجے پر نیچے چلے گئے ہیں۔
فیڈرر پانچویں درجے سے ساتویں پر آ گئے ہیں اور انہوں اس سال کے اپنے چالیس میچز میں سے ایک چوتھائی ہارے ہیں۔
لارا روبسن جو کہ برطانوی خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں اب عالمی درجہ بندی میں اکتیسویں درجے پر پہنچنے والی ہیں جو کہ پہلی بار ہے کہ ایک برطانوی خاتون کھلاڑی ہیں جو اس درجے پر 1987 میں جو ڈوری کے بعد پہنچی ہیں۔



