رافیل ندال ویمبلڈن کے پہلے راؤنڈ میں ہار گئے

سابق ویمبلڈن چیمپئین سپین کے رافیل ندال سٹیو ڈارسس کے ہاتھوں حیران کن شکست کھا کر ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔
رافیل ندال کی شکست کو ویمبلڈن کی تاریخ کی سب سے حیران کن شکست قرار دیا جا رہا ہے۔
بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے سٹیو ڈارسس نے کورٹ نمبر ایک پر کھیلے جانے والے میچ میں رافیل ندال کو سات چھ، سات چھ، اور چھ چار سے شکست دی۔
خیال رہے کہ سپین کے رافیل ندال نے رواں برس 9 جون کو ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو شکست دے کر آٹھویں بار فرنچ اوپن ٹائٹل جیت تھا۔
سنہ 2008 اور 2010 کے ویمبلڈن فاتح رافیل ندال نے میچ کی دوسری ٹائی بریک میں چار مرتبہ سیٹ پوائنٹ بچایا تاہم وہ پانچویں بار ایسا کرنے میں ناکام رہے۔
رافیل ندال سنہ 1997 میں گستاوو کیورٹن کے بعد ویمبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
اپنی شکست کے بعد رافیل ندال نے کہا ’ آج کا میچ میرے لیے اچھا نہ تھا، میں نے ہمیشہ اچھا کھیل پیش کیا ہے، مجھے مواقعے بھی ملے تاہم میں ان سے فائدہ نہ اٹھا سکا‘۔
رافیل کا کہنا تھا ’ میں صرف اپنے حریف کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ یہ کوئی سانحہ نہیں ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے‘۔
دوسری جانب بیلجیئم کے سٹیو ڈارسس نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ رافیل ندال آج اپنا بہترین کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے۔
انھوں نے کہا ’ میں نے ہمیشہ بہترین کھیل پیش کیا ہے اور میں یہ میچ جیتنے پر بہت زیادہ خوش ہوں۔
دوسری جانب ویمبلڈن کے موجودہ چیمپئین راجر فیڈرر ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔
اکتیس سالہ راجر فیڈرر نے دس برس قبل اپنا پہلا ویمبلڈن ٹائٹل جیتا تھا۔



