بحرین:فارمولا ون ریس کے خلاف مظاہرے جاری
بحرین میں حکومت مخالف کارکنوں کی جانب سے دارالحکومت منامہ میں فارمولا ون گراں پری ریس کے انعقاد کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ ریس اتوار کو منعقد ہونی ہے۔ اتوار کی صبح مظاہرین نے کچھ علاقوں میں راستے مسدود کر دیے اور ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مظاہرین کا تعلق ملک کی شیعہ اکثریت سے ہے جو ملک میں برسراقتدار سنّی خاندان سے زیادہ حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اس گراں پری ریس کو حقوقِ انسانی کے اپنے برے ریکارڈ کی پردہ پوشی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
تاہم بحرین کے ولی عہد کا کہنا ہے کہ ملک میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور یہ بھی اسی کا حصہ ہے۔



