 | | | عموماً سکیورٹی خدشات کی وجہ سے امریکی صدر موبائل فون اور ای میل استعمال نہیں کرتے |
باراک اوباما صدر بننے کے بعد بھی اپنا بلیک بیری موبائل فون استعمال کرتے رہیں گے اور یوں وہ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہیں وائٹ ہاؤس میں ای میل کی سہولت میسر ہوگی۔ امریکی ترجمان رابرٹ گبز کے مطابق صدر اوباما موبائل فون کی مدد سے سینئر عملے اور اپنے چند قریبی دوستوں سے رابطہ رکھ سکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ’ صدر ایک انتظام کے تحت بلیک بیری استعمال کریں گے جس کے تحت وہ سینئر عملے اور اپنے چند ذاتی احباب سے رابطہ کر سکتے ہیں اور ایک لحاظ سے یہ محدود رسائی ہوگی‘۔ رابرٹ گبز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’صدر کے ان رابطوں کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ وہ نہ صرف موثر بلکہ بالکل محفوظ انداز میں رابطہ کر سکیں‘۔ خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے امریکی صدر موبائل فون اور ای میل استعمال نہیں کرتے لیکن باراک اوباما نے انتخابات میں اپنی فتح کے بعد کہا تھا کہ اگر وائٹ ہاؤس کے حکام انہیں موبائل فون کے استعمال سے باز رکھنا چاہتے ہیں تو’انہیں اسے میرے ہاتھوں سے چھیننا ہوگا‘۔ انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر بھی کہا تھا کہ ’ یہ ان آلات میں سے ایک ہے جنہیں میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام کو مجھ تک رسائی ہو‘۔ یاد رہے کہ’پوسٹ واٹر گیٹ پریزیڈنشل ریکارڈز ایکٹ‘ کے تحت ’انتہائی نجی‘ قرار دیے جانے والی رابطوں کے سوا وائٹ ہاؤس اور اس سے باہر کی دنیا کے تمام رابطےامریکہ کے نیشنل آرکائیو میں محفوظ کیے جاتے ہیں۔ |