 | | | سارا پیلن نے پہلی انکوائری کی رپورٹ مسترد کر دی تھی۔ |
امریکی نائب صدر کے عہدے کے لیے ریپبلکن پارٹی کی امیدوار سارا پیلن سے حلف اٹھوا کر اس الزام کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے کہ انہوں نے الاسکا کے گورنر کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کیا تھا۔ سارا پیلن نے جمعہ کو پینسلوینیا اور مزوری میں جاری اپنی انتخابی مہم روک کر الاسکا پرسنیل بورڈ کی انکوائری کے سامنے بیان دیا۔ سارا پیلن پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاست کے اعلی ترین پولیس افسر والٹ مانیگن کو ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برخاست دیا تھا کیونکہ مبینہ طور پر انہوں نے سارا پیلن کے بہنوئی کو نوکری سے نکالنے سے انکار کر دیا تھا۔ محترمہ پیلن کا بہنوئی پولیس اہلکار ہے جس کے اپنی اہلیہ سے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔ محترمہ پیلن نے انکوائری کی سربراہی کرنے والے وکیل کے سوالوں کے جواب دئے۔ اس انکوائری کی خود انہوں نے ہی درخواست کی تھی۔ اس سے قبل ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں پارٹیوں کے نمائندے پر مشتمل کمیٹی کی رپورٹ کو محترمہ پیلن نے یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ تفتیش غیر جانبدارانہ طور پر نہیں ہوئی تھی۔  | | | گزشتہ دو ماہ میں سارا پیلن نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی شاپنگ کی ہے۔ |
سارا پیلن کے شوہر ٹاڈ نے بھی انکوائری کے سامنے بیان دیا۔ اسی دوران ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار باراک اوباما کو بھی انتخابی مہم بیچ میں چھوڑنی پڑی ہے۔ ان کی نانی بہت بیمار ہیں اور وہ ان سے ملنے ہوائی گئے ہیں۔ انتخابی جائزوں کے مطابق بعض ریاستوں میں باراک اوباما کی سبقت بڑھی ہے لیکن فلوریڈا میں جان مکین اور ان کےدرمیان فرق کم ہوا ہے۔ اس پس منظر میں صدر جارج بش کے سابق پریس سیکریٹری سکاٹ مک لیلن اور منی سوٹا کی گورنر آرنی کارلسن نے بھی اوباما کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل سابق خارجہ سیکریٹری کولن پاول نے باراک اوباما کو جتانے کی اپیل کی تھی۔ اخبار نیو یارک ٹائمز نے بھی باراک اوباما کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اخبار کے مطابق امریکہ کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کو حل کرنے کےلیے درکار سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی صلاحیت باراک اوباما میں ہی ہے۔
|