اوباما میرے صدارتی امیدوار ہیں: ہیلری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہیلری کلنٹن نے ڈیموکریٹ پارٹی سے کہا ہے کہ وہ آئندہ صدارتی امیداوار کے طور پر براک اوباما کے لیے متحد ہوجائے۔ پارٹی کے نامزدگی کے کنوینشن میں خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہا ’ہم یہ انتخاب ریپبلیکن پارٹی کے ہاتھوں شکست کھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔‘ ’خواہ آپ نے گزشتہ دنوں میں مجھے ووٹ دیا یا براک کو ووٹ دیا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک جماعت کی حیثیت میں ایک مقصد کے ساتھ متحد ہو جائیں۔ براک اوباما نے پرائمری انتخابات میں ہیلری کلنٹن کو ہرا دیا تھا جس کے بعد ہیلری نے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کی مہم سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس سے قبل ورجنیا کے سابق گورنر مارک وارنر نے کہا کہ امریکہ کو ایسے صدر کی ضرورت ہے جو آج کی دنیا کو سمجھتا ہو، اس مستقبل سے واقف ہو جو امریکی چاہتے ہیں اور ان تبدیلوں سے ہم آہنگ ہو جو امریکیوں کی ضرورت ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اب بھی ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک اکثریت ہے جنہوں نے گزشتہ مہینوں میں ہیلری کو ووٹ دیا اور اب یہ کہتے ہیں کہ وہ براک کی بجائے ان کے مخالف مکین کو ووٹ دینا پسند کریں گے۔ امریکہ میں ڈیموکریٹ پارٹی کے اکابرین نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پہلے افریقی امریکی امیدوار باراک اوباما کو رسمی طور پر نامزد کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز سینیٹر ایڈورڈ کینیڈی نے بھی جو بیمار ہیں، اس ڈیموکریٹ کنوینشن کے پہلے روز بڑے جذباتی انداز میں خطاب کیا تھا اور کہا کہ باراک اوباما امید اور تبدیلی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ باراک اوباما کی اہلیہ میشیل اوباما نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ باراک امریکہ کے لیے غیر معمولی صدر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ہیلری کلنٹن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔ ہاؤس کی سپیکر نینسی پلوسی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ڈیموکریٹ ایک ایسے وقت باراک اوباما کی نامزدگی کے لیے جمع ہوئے ہیں جب امریکہ کی تاریخ نئے سرے سے لکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے باراک اوباما کی تعریف کرتے ہوئے انہیں صاحبِ بصیرت اور اقدار کا حامل شخص قرار دیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||