’موگابے استعفٰی نہیں دیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زمبابوے کی حکمران جماعت زانو پی ایف نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو صدر رابرٹ موگابے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینگے۔ زمبابوے کے نائب وزیر اطلاعات برائیٹ موٹنگا نے کہا ہے پہلے مرحلے میں صدر موگابے کی شکست کی صورت میں ان کے اپنے عہدے سے دستبردار ہوجانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ زمبابوے کے صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے سرکاری نتائج ابھی جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ ہفتے کے روز ہونے والے ان انتخابات کے پانچ روز بعد جمعرات کو صدر موگابے پہلی بار ٹیلیویژن پر نظر آئے۔ انہیں افریقی یونین کے انتخابی مبصر سے ملاقات کرتے دکھایا گیا۔ زمبابوے کے نائب وزیر اطلاعات برائیٹ موٹنگا نے کہا ہے کہ اگر ووٹنگ کے دوسرے دور کی ضرورت پڑی تو اُس میں صدر موگابے حصہ لینگے اور جیتیں گے۔ ’زانو پی ایف کے نقطہ نظر سے ہمیں پورا اعتماد ہے کہ ووٹنگ کے دوسرے دور کی صورت میں ہماری گنتی پوری ہوگی۔ ہم ووٹنگ کے دوسرے دور کے لئیے تیار ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ صدر موگابے اس مرتبہ ضرور جیتیں گے۔‘ اُدھر حزب اختلاف کی جماعت ایم ڈی سی کے رہنماء مورگن چینگرائی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت بغیر چیلینج کئے ووٹنگ کے دوسرے دور کی اجازت نہیں دے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ ثابت کرنے کے لئے تمام شواہد پیش کرنے ہونگے کہ آخر ووٹنگ کے دوسرے دور کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے۔ مبصرین کے مطابق اب واضح ہوگیا ہے کہ صدر موگابے اپنی سیاسی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ اگر صدارتی انتخاب دوسرے دور میں داخل ہوا تو تشدد اور مخالفین کو ڈرانے دھماکانے کا سلسلہ بھی شروع ہوسکتا ہے جو ماضی میں زمبابوے کے انتخابات کا خاصہ رہا ہے۔ گزشتہ رات مسلح پولیس نے ہرارے کے ایک ہوٹل کو گھیرے میں لے کر دو غیر ملکی صحافیوں کو گرفتار کرلیا جن پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر بغیر اجازت کے زمبابوے میں کام کررہے تھے۔ اِس سے پہلے پولیس نے شہر کے مرکز میں واقع حزب اختلاف کی جماعت ایم ڈی سی کے دفاتر پر چھاپہ مارا۔ اُس وقت پارٹی کے اہلکار تو وہاں موجود نہیں تھے لیکن انُکے ایک ترجمان نے اِس کاروائی کو جمہوریت کے خلاف ایک چیلینج قرار دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ایم ڈی سی کے رہنماء مورگن چینگرائی محفوظ ہیں۔ | اسی بارے میں زمبابوے: حزب اختلاف کی فتح03 April, 2008 | آس پاس صدر موگابے کی جماعت کو شکست02 April, 2008 | آس پاس موگابے سبکدوش نہیں ہو رہے02 April, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||