غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے:مصر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مصر کے صدر حسنی مبارک نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کیا ہے کہ غزہ کی ناکہ بندی سے وہاں کے لوگوں پر مضر اثرات پڑیں گے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی مِنا کے مطابق فون پر حسنی مبارک نے فلسطینی لوگوں اسرائیلی ظلم ختم کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں عرب لیگ کا ایک ہنگامی اجلاس بھی ہو رہا ہے۔ یورپی یونین نے بھی غزہ کی ناکہ بندی پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ اس سے قبل فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ غزہ میں بجلی کی عدم فراہمی کے معاملے میں مداخلت کرے۔ بجلی کٹنے کا ذمہ دار اسرائیلی ناکہ بندی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ غزہ اتوار کو اس وقت تاریکی میں ڈوب گیا جب حکام نے یہ کہہ کر شہر کے واحد بجلی گھر کو بند کر دیا کہ ان کے پاس تیل نہیں بچا۔ مسٹر عباس نے اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ کی ناکہ بندی ختم کر کے ایندھن کی سپلائی کی اجازت دے۔ انہوں نے اس بحران پر بات کرنے کے لیے فوری طور پر عرب لیگ کا اجلاس بلانے کی اپیل کی اور دھمکی دی کہ اگر اسرائیل نے ان کی اپیل پر توجہ نہیں دی تو وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ تاہم اسرئیلیوں کا کہنا ہے کہ غزہ کے پاس اب بھی خاصا تیل باقی ہے۔غزہ میں ساٹھ فیصدایندھن اسرائیل فراہم کراتا ہے۔اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس نےہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے پلانٹ بند کیا ہے۔ شہر میں بجلی کٹنے کے سبب ہزاروں لاکھوں گھروں ، ہسپتالوں اور فیکٹریوں میں اندھیرا چھا گیا ۔جمعہ کو اسرائیل نے غزہ سے شدت پسندوں کی مسلسل فائرنگ کے جواب میں شہر کے ساتھ لگنے والی سرحد اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی تھی۔ ہسپتالوں میں جنریٹروں کی مدد سے کام ہو رہا ہے جس سے صرف اہم طبی آلات کو ہی چلایا جا رہا ہے لیکن ہیٹنگ یا دوسری ضروریات کے لیے بجلی نہیں ہے اور اس وقت ہسپتال میں شدید سردی ہے اور ڈیزل سپلائی ختم ہونے کے بعد جنریٹر بھی بند ہو جائیں گے۔ اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ اگر وہ آج راکٹ حملے بند کر دیں تو سب کچھ پہلے جیسا ہو سکتا ہے۔‘ اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے ناکہ بندی کو انسانی حقوق کے بنیادی تقاضوں کے خلاف قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے پندرہ لاکھ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ غزہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لوگ موم بتیاں، بیٹریاں اور خوراک جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||