 | | | حال میں صوبہ دیالہ میں مسلح جھڑپیں ہوتی رہی ہیں |
عراق میں پولیس کا کہنا ہے کہ بغداد کے قریبی شہر مقدادیہ میں ایک خاتون خودکش حملہ آور کے حملے میں کم سے کم سولہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عراقی پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے کیے جانے والے اس حملے میں بیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ خودکش حملہ بغداد کے شمال مشرق میں نوے کلومیٹر کی دوری پر صوبہ دیالہ کے شہر مقدادیہ میں ہوا۔ خاتون بمبار نے القاعدہ مخالف ایک سنی ملیشیا کے دفتر پر یہ حملہ کیا جس میں اس ملیشیا کے دس اراکین ہلاک ہوگئے۔ گزشتہ اپریل میں بھی ایک خاتون خودکش حملہ آور نے مقدادیہ میں حملہ کیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عراق کے صوبہ دیالہ میں حالیہ مہینوں میں مسلح جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ امریکی فوج کے آپریشن کی وجہ سے بغداد اور صوبہ انبار سے جانے والے مزاحمت کار ان دنوں صوبہ دیالہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اس سال فروری میں بغداد اور اس کے اطراف میں لگ بھگ تیس ہزار مزید امریکی فوجی تعینات کیے گئے تھے جس کے بعد وہاں سے مزاحمت کار لاپتہ ہوگئے ہیں۔ تاہم امریکی فوج کا کہنا ہے کہ بغداد میں حالیہ کامیابی دائمی نہیں کہی جاسکتی۔
|