وینیساہاروی بی بی سی نیوز، واشنگٹن |  |
 | | | لاس ویگس میں سات جولائی کے دن شادی کے لیے لوگوں کو قطار میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے |
لوگوں کی اکثریت کے لیے تو سنیچر سات جولائی کا دن ہر ہفتے کے سنیچر جیسا ہے لیکن توہم پرست لوگوں کے لیے یہ ایک انتہائی خوش بختی کا دن ہے۔ یہ سنیچر صدی کے ساتویں سال کے ساتویں مہینے کا ساتواں دن ہے۔ سٹے بازوں کو امید ہے کہ آج بے شمار لوگ شرطیں لگانے آئیں گے۔ امریکہ بھر میں جانے پہچانے شادی گھر اور کرائے پر دیے جانے والے عروسی ملبوسات، سب کے سب بُک ہو چکے ہیں۔ ’ٹرپل سیون‘ یا ’تین ستے‘ کا مطلب یہ ہے کہ آپ خوب لاٹری جیتیں گے اور ہزاروں شادی شدہ جوڑے لاٹری کے ٹکٹ اس یقین میں لے رہے ہیں کہ وہ ضرور جیتیں گے اور یہ ان کے باہمی تعلقات کے لیے بھی خوش آئند ہوگا۔ امریکہ میں اس سے قبل کسی خاص دن پر شادی کرنے کے لیے لوگ اتنے بے چین نہیں تھے۔ کچھ اندازوں کے مطابق کم سے کم ستر ہزار جوڑے آج رشتہ ازدواج میں بندھ رہے ہیں۔ کیک بنانے والے، پھول بیچنے والے اور شادی کی تقریبات کے منتظمین چکرا کر رہ گئے ہیں۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کے لیے سات سطحی کیک بنایا جائے اور شادی کے دعوت میں سات مختلف کھانے پیش کیے جائیں۔ ریاست کیلیفورنیا میں اورنج کاؤنٹی کے علاقے میں شادی رجسٹرار شادی کے خواہش مند افراد کی زیادہ تعداد کے پیش نظر اضافی سہولتیں دینے کا فیصلہ کیا، زیادہ سٹاف کو بلایا ہوا ہے اور مختلف جوڑوں کو رجسٹریشن کے لیے جو وقت دیا ہے وہ سات کے ہندسے پر ختم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سات کے ہندسے کو ’لکی نمبر‘ سمجھنا قدیم مذہبی اور ثقافتی روایت ہے۔ اس کے علاوہ مشہور یونانی فلسفی فیثا غورث نے سات کے ہندسے کو ’مکمل ترین ہندسہ‘ قرار دیا تھا۔
|