 | | | بغداد میں آپریشن کے بعد مزاحمت کار دیگر علاقوں کو نشانہ بنارہے ہیں |
عراقی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں سویلین ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں 1861 شہری ہلاک ہوئے جو کہ فروری کے مقابلے میں تیرہ فیصد زیادہ ہے۔ سویلین ہلاکتوں کی یہ تعداد دفاع، صحت اور داخلی امور کی وزارتوں کی رپورٹوں پر مبنی ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق بغداد میں فوجی پریشن کے بعد سے مزاحمت کار اپنی کارروائیاں دارالحکومت سے باہر کررہے ہیں۔ حال ہی امریکی اور عراقی افواج نے بغداد میں مزاحمت کاروں کے خلاف ایک فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔ امریکی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن کی وجہ سے بغداد میں ہونے والے تشدد میں پچیس فیصد کمی آئی ہے۔ دریں اثناء عراقی صدر جلال طالبانی نے کہا ہے شیعہ ملیشیا مہدی آرمی نے اپنے رہنما مقتدیٰ الصدر کے حکم پر اپنی کارروائیاں روک دی ہیں۔ صدر طالبانی نے اسے چھ ہفتوں سے بغداد میں جاری فوجی آپریشن کا مثبت نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے یہ بات نئے امریکی سفیر ریان کروکر سے سفارتی اسناد قبول کرتے وقت کہی۔ |