رائٹرز کی تصویر پر تنازع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیٹ پر بلاگرز کی نشاندہی کے بعد خبر رساں ادارے رائٹرز کو اپنے ایک فوٹوگرافر کی تصاویر کو واپس لینا پڑا ہے۔ بلاگرز نے رائٹرز کے فوٹوگرافر عدنان حج کی ایک تصویر کے بارے میں یہ شک ظاہر کیا تھا کہ اسے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی مدد سے بدلا گیا ہے۔ ان بلاگرز کے مطابق بیروت پر ایک اسرائیلی فضائی حملے کے بعد لی گئی فوٹو میں دھویں کے بادل کچھ زیادہ کالے دکھائی دے رہے ہیں۔ رائٹرز نے اس معاملے پر تحقیق کی تو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ اس فوٹو کو بدلا گیا تھا۔ اس کے علاوہ عدنان حج کی ایک اور تصویر کے بارے میں پتہ چلا کہ اسے بھی بدلا گیا تھا۔ اس دوسری فوٹو میں ایک اسرائیلی لڑاکا طیارے کی تصویر میں دو آگ کے شعلوں کا اضافہ کیا گیا تھا۔ رائٹرز کے مطابق بیروت والی فوٹو میں دھویں کے رنگ کو کمپیوٹر کی مدد سے مزید کالا بنایا گیا تھا۔ اس کے جواب میں فوٹوگرافر عدنان حج کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان تصاویر کو بدلا نہیں تھا اور بیروت والی تصویر کو انہوں نے صرف صاف کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم برطانوی روزنامے ’دی ڈیلی ٹیلی گراف‘ کے فوٹو ایڈیٹر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر کو انتہائی اناڑی پن سے بدلا گیا تھا۔ اسرائیلی ایف سولہ طیارے کی تصویر کے بارے میں فوٹوگرافر عدنان حج کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی اور وہ تصویر بالکل ٹھیک تھی۔ عدنان حج ایک فری لانس فوٹوگرافر ہیں جو رائٹرز کو تصاویر فراہم کرتے رہے ہیں۔ رائٹرز کے نیوز ایڈیٹر پال ہومز کے مطابق عدنان حج کی تصویر میں کافی تبدیلی کی گئی تھی جو کہ صرف تصویر کو صاف کرنے کا نتیجہ نہیں ہو سکتی تھی۔ انہوں نے اس واقعے کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ ادارے میں ایسا نہیں ہونے دینا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رائٹرز نے فوری طور پر ایسے اقدامات لیئے ہیں جن سے ایسا واقعہ پھر نہ پیش آسکے۔ رائٹرز کے عالمی فوٹو ایڈیٹر نے بتایا ہے کہ انہوں نے عدنان حج کی تمام 920 تصاویر کو ادارے کے ڈیٹا بیس سے ہٹا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رائٹرز کے اصولوں کے تحت کسی تصویر کو بدلنا ایک انتہائی غلط کام ہے۔ یہ واقعہ انٹرنیٹ پر ویب لاگ لکھنے والوں کے لیئے ایک اور فتح ہے۔ حال میں کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بلاگرز صحافیوں اور حکام سے زیادہ چوکس رہے ہیں۔ |
اسی بارے میں اخباری فوٹوگرافی کے پانچ ہزار دن 26 November, 2004 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||