چین: متنازعہ ڈیم کی دیوار مکمل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین نے پن بجلی پیدا کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ڈیم کی مرکزی دیوار کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ ملک کے مرکزی صوبہ ہوبی میں واقع یہ ’تین گھاٹیوں والا ڈیم‘ سنہ دو ہزار نو میں اس وقت مکمل ہوگا جب اس کے تمام جنریٹر کام کرنا شروع کر دیں گے۔ اس متنازعہ ڈیم کے بارے میں ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کی تعمیر کے لیئے دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔ اس کے علاوہ وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ڈیم دریائے ینگ زی میں سیلاب روکنے میں بھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ ڈیم کی تکمیل سے پہلے ہی اس کی تہہ میں ریت اور مٹی جمع ہو چکی ہے۔ دوسری جانب چین کی حکومت کا موقف یہ ہے کہ ڈیم نہ صرف چین کی ترقی کے لیے بجلی کی ضرویات پوری کرے گا بلکہ اس سے سیلاب پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ سنیچر کے دن ڈیم کی ایک سو پچاسی میٹر اونچی اور 2309 میٹر طویل مرکزی دیوار کی تکمیل کے لیے اس میں آخری مرتبہ کنکریٹ ڈالا گیا۔ سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق اس موقع کو چین کے سینئر سرکاری اہلکاروں نے ڈیم کی تعمیر میں ایک ’سنگ میل‘ سے تعبیر کیا۔ سنہ دو ہزار نو میں جب ڈیم کے تمام انتیس ٹربائن بجلی پیدا کرنا شروع کر دیں گے تو ڈیم سے بجلی کی کل پیداوار اٹھارہ ہزار میگا واٹ ہو جائے گی۔ دنیا میں سب سے زیادہ تیل استعمال کرنے والے دوسرے بڑے ملک چین کا کہنا ہے کہ اسے اپنی توانائی اور بڑھتی ہوئی صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیئے توانائی کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کے ضرورت ہے۔ دریں اثناء شنگھائی میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق چینی حکام کو امید ہے کہ نئے ڈیم سے دریائے ینگ زی میں سیلاب پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ ماضی میں اس دریا میں سیلاب ہزارہا لوگوں کی جان لے چکا ہے۔ دوسری جانب مخالفین کا کہنا ہے کہ ملک کو اس ڈیم کے لیئے بہت بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی وجہ سے نہ صرف دس لاکھ لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے بلکہ اس سے بارہ ہزار سے زائد دیہات اور قصبے ہمیشہ کے لیے نقشے سے مٹ جائیں گے۔ | اسی بارے میں چین: دفاعی بجٹ میں 14 فیصد اضافہ04 March, 2006 | آس پاس چین اور آسٹریلیا میں یورینیم معاہدہ 03 April, 2006 | آس پاس چین، ثقافتی انقلاب کی یادیں دھندلی16 May, 2006 | آس پاس بگلیہار ڈیم پر سوئس ثالث مقرر11 May, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||