نیپال میں کوئرالا وزیر اعظم نامزد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیپال میں سات جماعتی اتحاد نے پارلیمنٹ کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیپال کانگریس کے رہنما گرجا پرساد کوئرالا کو وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں اتحاد نے کہا ہے کہ ’شاہ کا اعلان مثبت ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پارلیمنٹ کی بحالی اہم اور تاریخی کامیابی ہے۔ اس کی بنیاد پر ہم جلد ہی اپنے نصب العین کو حاصل کريں گے۔‘ جس وقت اتحاد کی میٹنگ چل رہی تھی ہزاروں لوگ کوئرالہ کی رہائش گاہ کے باہر شاہ مخالف نعرے لگا رہے تھے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسا جمہوری نظام چاہتے ہيں کہ جس میں شاہ کے لیے کوئی جگہ نہيں ہے۔ اتحاد کی اہم جماعت کمیونسٹ پارٹی کے رہنما مادھو کمار نیپال نے بی بی سی کو بتایا کہ ’راجہ کے کردار کا فیصلہ عوام کریں گے۔ ان کے کردار کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ شاہ خود عوام میں اپنی شبیہ کیسی بناتے ہيں۔‘ مسٹر نیپال نے کہا کہ ’عوام کی تحریک معطل کر دی گئی ہے اور ماؤ نواز رہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحریک کی معطلی اور حالات معمول پر لانے میں مدد کریں۔‘ اتحاد کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس کے پہلے ہی روز کئی قرار دادیں منظور کی جائيں گی جس میں سب سے اہم قرار داد آئين ساز اسمبلی کے انتخاب سے متعلق ہوگی۔ پارلیمنٹ ماؤنوازوں سے باضابطہ بات چیت کا عمل بھی شروع کرے گی۔ اسی دوران لاکھوں لوگ دارالحکومت کٹھمنڈو کی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں سے فوج اور پولیس ہٹائی گئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے پورے شہر پر عوام کا قبضہ ہو۔ ہر طرح عوام کا ہجوم پرچم لیے اور نعرے لگائے ہوئے ریلیوں کے مقام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ شہر میں تین ہفتے کے بعد منگل کو دوکانیں کھل گئیں ہیں اور موٹر گاڑیاں چلنے لگی ہیں۔ لوگوں کے چہرے پر اطمینان اور خوشی عیاں ہے۔ شہر میں جگہ جگہ ’فتح ریلیاں‘ منعقد کی جارہی ہیں۔ عوام نے شاہ کے اعلان پر پورے ملک میں خوشیاں ظاہر کی ہیں، لیکن گزشتہ دنوں کے مظاہروں میں شاہ مخالف جذبہ میں زبردست شدت آئی تھی۔ | اسی بارے میں نیپال میں شاہ مخالف تحریک ختم25 April, 2006 | آس پاس نیپالی پارلیمنٹ بحال کردی گئی24 April, 2006 | آس پاس کٹھمنڈو میں پھر سے کرفیو24 April, 2006 | آس پاس ’منگل کوپانچ لاکھ کا مظاہرہ ہوگا‘23 April, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||