رائس کی حسنی مبارک سے ملاقات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس اپنے مشرق وسطیٰ کے پانچ روزہ دورے کے دوران مصر کے صدر حسنی مبارک سے ملنے والی ہیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ ان کی ملاقات میں عراق کی موجودہ صورتحال اور ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ کی تشویش پر بات ہو گی۔ کونڈولیزا رائس نے منگل کو مصر پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں ایسی حکومت کی حمایت نہ کرے جس کی قیادت حماس کر رہی ہو کیونکہ امریکہ حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے۔ تاہم مصری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حماس کو صورت حال سے ہم آہنگ ہونے کے لیے وقت دیا جانا چاہیے‘۔ فلسطینی انتخابات میں حماس کی غیر متوقع کامیابی کے بعد خطے میں امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ حماس کے متعلق ان کے تاثرات عین اس وقت سامنے آئے ہیں جب فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس کو حکومت بنانے کی باقاعدہ دعوت دی ہے۔ صدر محمود عباس نے حماس سے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے وجود کا حق تسلیم کرے لیکن حماس نے کسی قسم کی شرائط قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ حماس کے حکومت میں آنے کی صورت میں امریکہ نے امداد بند کرنے کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس بارے اپنے مصری ہم منصب سے بات چیت کے بعد ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم یہ نہیں کر سکتے کہ ہمارا ایک پاؤں دہشت گردی میں ہو اور دوسرا سیاست میں‘۔ مصری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حماس کے انتخابات جیتنے کی وجہ سے امداد بند کرنا جلد بازی ہو گا۔ ان کے اس بیان سے بش انتظامیہ کی حماس کے خلاف ایک متفقہ حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کو نقصان پہنچا ہے۔ مصر جو کہ امریکہ سے سالانہ دو ارب ڈالر امداد لیتا ہے خطے میں ثالث کا کردار ادا کرتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کو نیوز کانفرنس کے دوران سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا جب ایک صحافی نے امریکہ کی عراق میں جنگ کے بارے میں پوچھا کہ ’کیا یہ تشدد کی جمہوریت اور انسانی حقوق کی پامالی نہیں ہے؟‘ دیگر صحافیوں نے امریکہ کی ایران پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا امریکہ اسرائیل کے جوہری ہتھیاروں کو بالکل نظر انداز نہیں کرتا۔ کونڈولیزا رائس نے کہا کہ ’ہم یہ نہیں چاہتے کہ ہر جگہ امریکی طرز کی جمہوریت ہی ہو۔ امریکہ جمہوریت امریکہ کے لوگوں کے لیے ہے۔‘ واشنگٹن واپسی سے پہلے امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کریں گی۔ | اسی بارے میں حماس کی فلسطینی فوج کی تجویز29 January, 2006 | صفحۂ اول بلیک میل نہیں ہوں گے: حماس28 January, 2006 | صفحۂ اول بُش کی حماس کو تنبیہ28 January, 2006 | صفحۂ اول حماس سے مذاکرات نہیں: اسرائیل27 January, 2006 | صفحۂ اول فلسطینی انتخابات میں حماس کی برتری 25 January, 2006 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||