نائجیریا: طیارہ تباہ، ’114 ہلاک‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نائجیریا کی نجی فضائی کمپنی بل ویو ائر لائنز کا ایک طیارہ جس میں ایک سو آٹھ مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے گر کر تباہ ہو گیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ اس حادثے میں تمام مسافر اور عملے کے اراکین ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل حکام نے کہا تھا کہ اس حادثے میں کم از کم پچاس افراد زندہ بچ گئے ہیں۔ ریڈ کراس کے مطابق اس حادثے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے جبکہ نائجیریا کے ٹی وی نے جائے حاثہ کی تصاویر دکھائی ہیں جن میں ملبے میں پھنسی لاشیں نظر آرہی ہیں۔ جہاز کا ملبہ لاگوس کے نواح میں تلاش کر لیا گیا ہے۔ یہ طیارہ لاگوس سے دارالحکومت ابوجا جا رہا تھا اور حکام کے مطابق اس بوئنگ 737 جہاز پر ایک رکن پارلیمان اور فوجی جنرل سمیت متعدد اعلٰی حکومتی افسران بھی سوار تھے۔ مقامی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ جیسے ہی ملک کے سب سے بڑے شہر لاگوس کے ہوائی اڈے سے اڑا اس کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا جبکہ خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ جہاز کے پائلٹ نے خراب موسم میں اڑان بھرنے کے فوراً بعد خطرے کا سگنل بھیجا تھا۔ نامہ نگاروں کے مطابق بل ویو نامی نجی ائیرلائن نائجیریا میں کام کرنے والے غیر ملکیوں میں بہت مقبول ہے۔ یاد رہے کہ سلامتی کے حوالے سے نائجیریا کی ائیرلائنز کا ریکارڈ دنیا میں سب سے زیادہ برا سمجھا جاتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||