ملبے سے دھماکہ خیز مواد ملا ہے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
روسی سکیورٹی سروسز نے کہا ہے کہ بدھ کوتباہ ہونے والے دو جہازوں میں سے ایک کے ملبے سے دھماکہ خیز مواد کے ذرات ملے ہیں۔ بدھ کے روز ماسکو کے دومودیدو کے ہوائی اڈے سے پرواز کرنے کے تھوڑی دیر بعد دو مسافر بردار طیارے تباہ ہو گئے تھے جس میں اناسی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ دھماکہ خیز مواد کے ذرات تباہ ہونے والے بڑے جہاز کے ملبے سے ملے ہیں۔ یہ جہاز ماسکو سے بحیرہ اسود کے تفریحی مقام سوچی جا رہا تھا۔ اس جہاز میں چھالیس افراد سوار تھے۔ روس کی داخلی سلامتی کے محکمے کے ایک ترجمان نے ان دونوں جہازوں کی تباہی کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے شواہد مل گئے ہیں جن سے حملے کے ذمہ دار عناصر تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ تاہم دوسرے جہاز کے ملبے سے ایسے کوئی آثار نہیں ملے جس سے ظاہر ہوتا ہو کہ یہ تخریبی کارروائی کے نتیجے میں تباہ ہوا ہے۔ سکیورٹی حکام مسافروں میں شامل دو خواتین کی شناخت کر رہے ہیں جن میں سے ایک کا تعلق چیچنیا سے بتایا جاتا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق پہلے جہاز کے ملبے سے ا ُسی دھماکہ خیز مواد کے ذرات ملے ہیں جو انیس سوننانوے میں چیچنیا کے شدت پسندوں نے ایک رہائشی عمارت کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||