نیویارک میں سکیورٹی سخت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیویارک میں پبلِک ٹرانسپورٹ کے نظام پر شدت پسند حملوں کے ’حقیقی خطرے‘ کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جارہے ہیں۔ نیویارک کے پولیس چیف ریمنڈ کیلی اور شہر کے میئر مائیکل بلومبرگ نے کہا ہے کہ یہ خطرہ واضح ہے اور آئندہ چند دنوں سے متعلق ہے۔ پولیس چیف نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق یہ خطرہ نیویارک کے زیرزمین ریلوے نظام کو لاحق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی گشت اور مسافروں کی تلاشی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ پولیس چیف نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ بریف کیس اور تھیلے وغیرہ لیکر سفر نہ کریں۔ شہر کے میئر مائیکل بلومبرگ نے کہا کہ یہ خطرہ اب تک کا سب سے واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خطرہ بیرون ملک سے پیدا ہوا ہے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔ ایک اخباری کانفرنس کے دوران مسٹر بلومبرگ نے کہا ’یہ پہلی بار ہے کہ ہمیں اس لیول کا واضح انتباہ ملا ہے۔‘ ان کےمطابق یہ خطرہ وقت اور ٹھکانے کے حساب سے واضح ہے۔ پولیس چیف ریمنڈ کیلی نے کہا کہ پورے ٹرانسپورٹ نظام میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جارہے ہیں اور شہر پر خطرے کی شدت کا لیول ’نارنگی‘ رہے گا جیسا کہ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے بعد سے رہا ہے اور خطرے کا یہ دوسرا بڑا لیول ہے۔ نیویارک کے زیرزمین ریلوے نظام سے لگ بھگ پینتالیس لاکھ لوگ روزانہ سفر کرتے ہیں اور اس میں چار سو اڑسٹھ اسٹیشن واقع ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||