| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کشتی کے حادثے میں دس ہلاک
امریکہ کے شہر نیو یارک کی بندرگاہ پر ایک کشتی کے ڈاک (گودی) سے ٹکرانے سے کم از کم دس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ نیو یارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے کہا ہے کہ سٹیٹن آئلینڈ پر ہونے والے حادثے میں چونتیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر کو تین بجے کے قریب پیش آیا جب اس جگہ کافی رش ہوتا ہے۔ سٹیٹن آئلینڈ فیری لوئر مینہیٹن سے آ رہی تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ کشتی بہت تیز تھی اور اس کا ایک حصہ گودی پر لگی ہوئی لکڑی سے ٹکرانے کے بعد ٹوٹ گیا۔ بہت سے افراد کے ہاتھ پاؤں ٹوٹ گئے ہیں جبکہ کئی ملبے میں پھنس گئے۔ دوسروں نے کشتی سے باہر چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ امدادی ٹیمیں لوگوں کو نکالنے میں مشغول ہیں جبکہ دوسری فیری سروسز بند کر دی گئی ہیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔ واضح رہے کہ روزانہ ستر ہزار سے زائد افراد مینہیٹن کے کاروباری مرکز میں کام پر آنے کے لئے کشتیوں پر سفر کرتے ہیں، جبکہ سیاح ان پر سٹیچو آف لبرٹی دیکھنے جاتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||