’ایران سے جوہری تعاون ختم کریں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ نے ایران کو جوہری ٹیکنالوجی میں مدد دینے والے تمام ملکوں سے کہا ہے کہ وہ اس تعاون کو ختم کر دیں۔ امریکہ کے نائب وزیر خارجہ سٹیفن راڈ میکر نے کہا ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کرنے والے تمام ملکوں کو اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے کی ایران کے بارے میں رپورٹ کے بعد اپنے معاہدوں پر عمل روک دینا چاہیے۔ اقوام متحدہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا کہ امریکہ کا بیان صرف روس کے لیے ہے جو ایران میں جوہری توانائی سے چلنے والی بجلی گھر بنا رہا ہے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا آئی اے ای اے کی اس رپورٹ کے بعد تمام ملکوں کو ایران کے ساتھ جوہری تعاون روک دینا چاہیے۔ آئی اے ای اے نے ایران کے بارے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے بارے میں اس کے تحفظات کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا رہا ہے کیونکہ اسلام میں جوہری ہتھیار بنانے کی ممانعت ہے۔ امریکہ الزام لگاتا رہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||