 |  النشار کو قاہرہ سے گرفتار کیا گیا تھا |
مصر کے وزیر داخلہ حبیب العدلی نے کہا ہے مصری کیمیا دان کا، جسے لندن بم حملوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں قاہرہ میں گرفتار کیا گیا تھا، القاعدہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مصری وزیر داخلہ نے اُن تمام خبروں کو بےبنیاد قرار دیا ہے جس میں کیمیادان مجدی النشار پر لندن بم حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نشار صرف چھٹیاں گزارنے مصر آئے تھے اور ان کا لندن لوٹنے کا ارادہ تھا۔ قاہرہ سے بی بی سی کے نامہ نگار نے کہا ہے کہ مصری وزیر داخلہ کی طرف سے کسی گرفتار شدہ شخص کے ملزم ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں بیان دینا ایک غیر معمولی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی خفیہ اداروں کے اہلکار نشار سے کی جانے والی تفتیش میں شامل ہیں اور مصری حکومت اس سلسلے میں برطانیہ سے پوری طرح سے تعاون کر رہی ہے۔ |