ایران: پولنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران میں صدرراتی اتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ ختم ہوچکی ہے۔ اب ایرانی رائے دہندگان اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ محمد احمد نژار یا اکبر ہاشمی رفسنجانی میں کون ان کا صدر منتخب ہوگا۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں ووٹروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا جس کی وجہ سے پولنگ کے وقت میں کئی گھنٹے کی توسیع کی گئی۔ کچھ پولنگ سٹیشنوں پر شکایات کے بعد پولنگ ملتوی کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس سے قبل ووٹنگ کا وقت مزید دو گھنٹے بڑھا دیا گیا تھا۔ ایران کے وزیر داخلہ عبداللہ موسوی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ووٹروں کی تعداد کے باعث کیا گیا تھا۔ سابق صدر ہاشمی رفسنجانی اور احمد نژار کے درمیان ہونے والے ان انتخابات میں ایران کی عوام نے گرم جوشی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے نتائج کو ذہن میں رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت کو بڑھانے کے مزید امکانات کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ ایران کی اعلیٰ قیادت نے بھی رائے دہندگان کی آمد کو سراہا تھا۔ لیکن پولنگ کی شرح کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ کہا نہیں گیا۔ تاہم ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ’ارنا` کے مطابق تہران میں بعض پولنگ سٹیشنوں پر کچھ لوگوں کی جانب سے غیر قانونی مداخلت کے بعد ووٹنگ روک دی گئی تھی ۔ وزرات داخلہ کے ترجمان خان جانی نے بتایا تھا کہ یہ مداخلت ملک کے انتخابات کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم ترجمان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ملتوی کی جانے والی ووٹنگ دوبارہ کب شروع ہو گی اور یہ کہ مداخلت کس نوعیت کی تھی اور کس گروپ کی جانب سے تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||