سوریا گِرد گھومتی لبنانی سیاست | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لبنانی سیاست اس وقت دو دھڑوں میں بٹی ہوئی ہے۔ شام کا حامی دھڑہ اور مخالف دھڑہ ۔ شام مخالف دھڑے کا زور بیروت میں زیادہ ہے جہاں مرحوم سابق وزیر اعظم رفیق ہریری کے بیٹے سعد ہریری سمیت ان کے سیاسی حامیوں نے انیس کی انیس انتخابی نشستیں جیت لیں۔ فروری میں رفیق ہریری کی ہلاکت کا الزام شام پر لگایا گیا تھا اور بیروت میں شام مخالف مظاہروں اور بین الاقوامی دباؤ کی وجہ سے تیس سال ملک میں رہنے کے بعد شام کی فوجیں لبنان سے نکل گئی تھیں۔ جنوبی لبنان میں بیروت کے بر عکس شام کی حامی جماعت حزب اللہ کا زور ہے جو ایک اور شیعہ جماعت عمل کے ساتھ مل کر امیدوار کھڑے کر رہی ہے اور دو بلا مقابلہ سنی امیدواروں کے علاوہ تمام 23 سیٹوں پر ان کی جیت یقینی ہے۔ حزب اللہ کی مقبولیت کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ وہ ایک بہت منظم سیاسی جماعت ہے اور سماجی بہبود کے کاموں میں بھی پیش پیش ہے لیکن اس سے بھی بڑی وجہ یہ ہے کہ جنوبی لبنان سے اسرائیل کو نکالنے کا سہرا حزب اللہ کے سر باندھا جاتا ہے۔ اس علاقے پر بائیس سال تک اسرائیل کا قبضہ رہا اور اس قبضے کے خلاف حزب اللہ کی مسلح جدوجہد اور گوریلا جنگ جاری رہی۔ حزب اللہ کو اس جدوجہد میں ایران اور شام دونوں کی حمایت حاصل تھی۔ اس وقت بھی حزب اللہ کے کم از کم بیس ہزار مسلح رکن لبنان میں موجود ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ امریکہ نے حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ اور حزب اللہ پر عالمی دباؤ ہے کہ وہ ان ارکان کو غیر مسلح کرے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی ایک قرارداد بھی ہے۔ لیکن حزب اللہ یہ نہیں چاہتی ۔ اسی لیے اس کی خواہش ہے کہ آج کے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ ڈالیں تاکہ اس کی پالیسیوں کی عوامی حمایت سامنے آ جائے۔ اور ظاہرًا جنوبی لبنان میں لوگ بھی یہ نہیں چاہتے کہ حزب اللہ غیر مسلح ہو۔ شاید اسی وجہ سے آج اسرائیل کے فوجی آپریشنوں کی وجہ اپنے گھروں کو چھوڑ جانے والے جوق در جوق بسوں اور ویگنوں میں بھر کر حزب اللہ کے جھنڈے لہراتے ان کہ امیدواروں کو ووٹ دینے اپنے اپنے علاقوں کو جاتے نظر آئے۔ البتہ جنوبی لبنان کے کئی سنی اور عیسائی علاقوں میں پولنگ سٹیشن خالی نظر آئے ۔ ان میں سے کئی علاقوں میں انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کی گئی تھی ۔ عیسائیوں کو شکایت ہے کہ ملک کا انتخابی قانون ایسا ہے کہ حزب اللہ جیسی طاقتور جماعتیں ان پر اپنی مرضی کے عیسائی امیدوار مسلط کر سکتی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||