امریکہ: ایمنیسٹی رپورٹ مسترد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج کے اعلیٰ ترین جنرل رچرڈ مائر نے حقوقِ انسانی کی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ کو مکمل طور پر غیرذمہ دارانہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے جس میں گوانتانامو کے قید خانے کے حوالے سے امریکہ پر تنقید کی گئی تھی۔ حقوقِ انسانی کے عالمی ادارے نے خلیج گوانتا نامو کے قید خانے کے بارے میں پچھلے ہفتے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں قیدیوں کے ساتھ امریکی فوج کے سلوک پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔ تاہم امریکی جنرل مائر کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی قیدیوں کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرتے ہیں۔ گوانتامو کا یہ قید خانہ مسلمان دنیا میں احتجاج کا باعث بنا ہوا ہے جب سے یہ الزام لگے ہیں کہ یہاں محافظوں نے مسلمانوں کی مذہبی کتاب قرآن کی بے حرمتی کی تھی۔ امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک فوکس نیوز پر خطاب کرتے ہوئے رچرڈ مائر نے کہا کہ گوانتانامو کا کیمپ ایک مثالی کیمپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیرہ مختلف زبانوں میں تیرہ ہزار قرآن قیدیوں کو دیے گئے اور یہ کہ قید خانے کا عملہ مسلمان قیدیوں کو اسلامی نقطۂ نگاہ سے منظور شدہ خوراک انہیں دیتا ہے۔ نیوز ویک کی رپورٹ میں ایک خبر شائع ہونے کے بعد کہ امریکی محافظوں نے گوانتا نامو کے بیت الخلاء میں قرآن کو بہا دیا تھا اس قید خانے پر عالمی توجہ مرکوز ہوئی ہے۔ نیوزویک میگزین نے اب اپنی خبر واپس لے لی ہے جس سے افغانستان، پاکستان اور انڈونیشیا میں امریکہ کے خلاف پرتشدد جلوس نکالے گئے۔ امریکہ نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ کم از کم پانچ ایسے مواقع تھے جب عملے نے قرآن کی حرمت میں فرق ڈالا۔ جنرل مائر کے مطابق گوانتا نامو میں جو قیدی ہیں وہ خطرناک ہیں اور امریکہ اپنے تئیں اچھے سے اچھا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’آپ ایسے لوگوں کے ساتھ کیا کریں گے جو میدانِ جنگ سے گرفتار ہوتے ہیں اور جنہیں اگر رہا کر دیا جائے اور ان کے ملک بھیج دیا جائے تو اسی وقت پلٹ کر آپ کا اور آپ کے بچوں کا گلا کاٹنے کی کوشش کریں گے۔‘ جنرل رچرڈ نے کہا کہ ’امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ ہم لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا سلوک کریں گے جو جنیوا کنونشن کے مطابق ہوگا اور ہم ویسا ہی کر رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ریڈ کراس کو گوانتا نامو کے قید خانے تک اس دن سے رسائی حاصل ہے جب سے اس کے دروازے کھلے ہیں۔ ’میرے کہنے کا مطلب ہے کہ وہ وہیں پر ہیں اور قید خانہ دیکھ سکتے ہیں۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||