جبالیا کیمپ پر اسرائیلی حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیل کے فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی ایئرفورس نے شمالی غزہ کے پناہ گزین کیمپ جبالیا پر اتوار کی رات حملہ کیا اور وہاں میزائل داغے۔ عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ میزائلوں کے اس حملے میں دو فلسطینی شہری اس وقت زخمی ہوگئے جب جنگی جہازوں سے مارے گئے میزائل کیمپ میں آ کر گرے۔ اسرائیل کی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جبالیا پر کیے جانے والے اس حملے کا مقصد ان شدت پسندوں کو نشانہ بنانا تھا جو اسرائیلیوں پر مارٹر کے ذریعے حملہ کرنے کی تیاریاں کر رہے تھے۔ اسرائیل نے غزہ اور غربِ اردن میں اپنی فوجی کارروائیاں نسبتاً کم کر رکھی ہیں اور ایسا فروری میں ہونے والے جنگ بندی کے ایک سمجھوتے کے بعد ہوا ہے۔ اسرائیل غزہ کی پٹی میں واقع اپنی اکیس خمیہ بستیوں کو خالی کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور یہ اس کے یکطرفہ منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت غزہ کے کچھ فلسطینی علاقوں سے یہودی خیمہ بستیوں کو ہٹا لیا جائے گا۔ تاہم غزہ میں اسرائیلی کنٹرول باقی رہے گا اور سرحدوں، فضائی حدود اور ساحلی علاقوں پر اسرائیل نظر رکھے گا جہاں تقریباً پندرہ لاکھ فلسطینی رہتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||