نئے پوپ کے انتخاب کا آغاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
رومن کیتھولک کلیسا کے کارڈینلز نے نئے پوپ کے انتخاب کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ ووٹ ڈالنے کے حقدار ایک سو پندرہ پادری ویٹیکن میں سینٹ پیٹر بیسیلیکا میں ایک عوامی اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں جس کے بعد مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے یہ تمام کارڈینلز ’سسٹائن چیپل‘میں داخل ہو جائیں گے اور پھر پوپ کے انتخاب تک باہر کی دنیا سے ان کا رابطہ منقطع رہے گا۔ کارڈینلز’سسٹائن چیپل‘میں داخل ہو جانے کے بعد دعائیہ سروس میں حصہ لیں گے اور پھر اس وقت تک روزانہ چار مرتبہ ووٹ ڈالیں جائیں گے جب تک نئے پوپ کا فیصلہ نہیں ہو جاتا۔ تاہم کونکلیو میں ہی اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ ووٹنگ پیر کی دوپہر سے شروع کر دی جائے یا پھر منگل کی صبح تک باہمی بات چیت جاری رکھی جائے۔ اس بات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے کہ چیپل کے اندر ہونے والی سرگرمیوں کی باہر کی دنیا کو بھنک بھی نہ پڑ سکے۔ اس سلسلے میں ویٹیکن کے کچھ حصوں کو سر بمہر کر دیا گیا ہے اور اس تمام عملے سے راز داری برتتنے کا حلف لیا گیا ہے جو کارڈینلز سے رابطے میں رہے گا۔ ’سسٹائن چیپل‘ میں کسی قسم کے موبائل فون، اخبارات اور ٹیلیویژن لے جانے کی ممانعت ہے اور جاسوسی کے آلات کی تنصیب کے خطرے کے پیشِ نظر پورے گرجا گھر کی تلاشی لی جا چکی ہے۔ اس کانکلیو میں حصہ لینے والے زیادہ تر کارڈینلز ویٹیکن کے احاطے میں واقع ڈومس مراتھے ہوٹل میں ہی رہائش پذیر ہیں۔ اس ہوٹل کی تعمیر کا حکم پوپ جان پال دوئم نے ہی دیا تھا تاکہ پوپ کے انتخاب کے عمل کے دوران پادریوں کی سہولیات کا خیال رکھا جا سکے۔ پوپ جان پال دوئم کا انتخاب آٹھ مرتبہ کی ووٹنگ کے بعد ہوا تھا۔ اس مرتبہ امید ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب چند دن میں ہی ہو جائے گا جبکہ ماضی میں یہ انتخابی عمل متعدد مہینوں تک جاری رہ چکا ہے۔ اتوار کو دعائیہ سروس کے موقع پر بات کرتے ہوئے ہونڈیرس کے کارڈینل آسکر آندرے روڈریگروز نے کہا کہ پوپ کے انتخاب میں شرکت جیسا کوئی اور احساس نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ایک الیکشن کی طرح ووٹ ڈالیں گے جبکہ پوپ کا انتخاب اس سے بالکل مختلف ہے۔‘ پوپ کے انتخاب کے سلسلے میں کچھ مبصرین نے پیشین گوئی کی ہے کہ قدامت پسند اور لبرل پادریوں کے درمیان جدوجہد کی بناء پر ایک طویل کونکلیو اور ایک حیران کن نتیجے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ روم میں بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ کونکلیو میں ہونے والی سرگرمی کا واحد اشارہ گرجا کی چمنی سے اٹھنے والا دھواں ہے۔ اس برس پوپ کے انتخاب کے بعد اس چمنی سے سفید دھوئیں کے ساتھ سینٹ پیٹر بیسیلیکا کی گھنٹیاں بھی بجائی جائیں گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||