 |  نئے پوپ کا اعلان چمنی سے دھواں بلند کر کے کیا جاتا ہے |
ویٹیکن روم میں سسٹائن چیپل پر ایک خاص چمنی نصب کر دی گئی ہے جہاں سے اٹھنے والے دھوئیں کے رنگ سے معلوم ہو جائے گا کہ نئے پوپ کا انتخاب ہو گیا ہے یا نہیں۔ روایت کے مطابق اس چمنی سے اٹھنے والا کالے رنگ کا دھواں اس بات کی نشاندہی کرے گا کہ پوپ کا انتخاب ابھی نہیں ہو سکا جبکہ انتخاب ہوجانے کی صورت میں چمنی سے سفید رنگ کا دھواں بلند ہوگا۔ دنیا بھر سے ویٹیکن میں جمع ہونے والے ایک سو سے زیادہ کارڈینلز سوموار سے نئے پاپائے اعظم کے انتخاب کے لیے اپنا اجلاس شروع کرنے والے ہیں۔ اجلاس کے پہلے دن سے ہی اس چمنی سے دن میں دو مرتبہ دھواں بلند کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں شریک کارڈینلز نئے پوپ کے انتخاب کے بارے میں مکمل رازداری برتیں گے۔ ان کارڈینلز تک رسائی رکھنے والے عملے سے بھی جن میں ڈرائیور، محافظ اور صفائی کرنے والا عملہ شامل ہے، رازداری برتنے کا حلف لیا گیا ہے۔ |