 |  حادثے کی چھان بین شروع ہو گئی ہے |
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے کہا ہے کہ چین میں کوئلے کی ایک کان میں گیس کے سبب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 203 کارکن ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر فُوکسِن سٹی میں پیش آیا جس کے باعث بائیس افراد زخمی بھی ہوئے اور تیرہ کان میں پھنس گئے ہیں۔ زلزلے کے بعد 794 فٹ گہری سُنجیاوان نامی اس کان میں پیر کو ہونے والے اس دھماکے کے فوراً بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کانوں میں پیش آنے والے ان واقعات میں تحفظ کے حوالے سے چین کا ریکارڈ خاصا مایوس کُن ہے۔ البتہ حالیہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کانوں کی کھدائی سے متعلق ایک مقامی افسر نے خبر رساں اینسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے اس قدر بڑا حادثہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘ چین کے سرکاری ٹی وی پر نشر کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے صدر ہیو جنتاؤ اور وزیراعظم وین جیاباؤ نے مقامی حکام سے کہا ہے کہ وہ کان میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لیے ’ہر ممکن اقدام‘ کریں۔ |