کونڈا لیزا: اسرائیل سے امن اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیرِخارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے ساتھ امن قائم کرنے کے لیے کڑے فیصلے کرنے ہوں گے۔ امریکی وزیرِخارجہ کونڈالیزا رائس مشرقِ وسطیٰ کے سات روزہ دورے کے سلسلے میں اسرائیل پہنچی ہیں اور انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ان کے دورے کا مقصد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان قیامِ امن کی کوششوں میں مزید تیزی لانا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد امن کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت امن کے لیے ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا: ’میں خاص طور پر قیام امن کے عمل سے متعلق صدر بش اور اپنا ذاتی عزم لے کر یہاں آئی ہوں کیونکہ اس وقت مشرق وسطی میں قیام امن کا موقع ہے اور اسے ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہئے‘۔ امریکی وزیرخارجہ سوموار کو غرب اردن جائیں گی جہاں وہ فلسطینی لیڈروں سے بات چیت کریں گی۔ ان ملاقاتوں کے دوران انہیں منگل کو مصر میں ہونے والی اسرائیل فلسطین سربراہ ملاقات کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ یہ گزشتہ چار برس کے دوران فلسطین اور اسرائیل کے مابین ہونے والا اعلیٰ سطح کا پہلا رابطہ ہو گا۔ نومبر میں یاسر عرفات کی وفات اور گزشتہ ماہ محمود عباس کے انتخاب سے علاقے کی سیاسی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||