افغانی فوجی کی فائرنگ: 5 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فوجی حکام نے بتایا ہے کہ افغانستان کے مغربی صوبے ہلمند میں ایک افغانی فوجی نے اتحادی فوجی اڈے پر فائرنگ کر کے اپنے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس واقعے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔حملہ آور کو بعدازاں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعے کی وجوہات کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔ امریکی فوجی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ حملہ آور کے ارادوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس حملے میں اتحادی افواج کے مخالف گروہوں کا ہاتھ ہے اور اس حملے میں کوئی اتحادی فوجی زخمی بھی نہیں ہوا‘۔ زخمیوں کو قندھار کے فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ امریکی سربراہی میں 18000 اتحادی فوجی افغانستان میں طالبان اور القاعدہ کے کارکنان کی تلاش کر رہے ہیں جبکہ افغان فوج کے 20000 فوجی بھی اس کارروائی میں شریک ہیں جبکہ افغان حکومت ان کی تعداد میں 70000 کا اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ اس فوج کے اخراجات کا بڑا حصہ امریکہ اور برطانیہ برداشت کریں گے۔ افغان حکومت ملک میں ایک پولیس فورس کے قیام پر بھی کام کر رہی ہے ۔اس سلسلے میں جرمنی کے پولیس افسران افغانی پولیس اہلکاروں کی تربیت کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||